رمضان کرکٹ پورٹ قاسم نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی

کے آر ایل کو19رنز سے شکست،خرم منظور اور کامران یونس کی نصف سنچریاں

کے آر ایل کو19رنز سے شکست،خرم منظور اور کامران یونس کی نصف سنچریاں، تیسری وکٹ کیلیے 153 رنز جوڑے،محمد طلحہٰ نے3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ فوٹو: فائل

پی سی بی رمضان کپ ٹی ٹوئنٹی نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پورٹ قاسم اتھارٹی نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی۔

کے آر ایل کو19 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، فاتح سائیڈ کے خرم منظور اور کامران یونس نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کیلیے153رنز کی شراکت بنائی، دونوں بالترتیب85 اور 70رنز پر ناٹ آؤٹ رہے،اوپنر محمد یاسین کے80 رنز ناٹ آؤٹ ناکام ٹیم کے کام نہ آ سکے،محمد طلحہٰ نے3 وکٹیں لیں،گروپ بی میں 6 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست پورٹ قاسم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا امکان روشن ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں گذشتہ شب کے آر ایل کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ ابتدامیں درست لگا، راحت علی کی چوتھی ہی گیند پرخالد لطیف (صفر) نے ذوالفقار جان کو کیچ تھما دیا،3رنز پر پہلی وکٹ گنوانی والی ٹیم کو17پر دوسرا نقصان اٹھانا پڑا، نعمان علی نے دوسرے اوپنر شاہ زیب حسن کو بولڈ کر دیا،مسلسل دومیچز میں عمدہ بیٹنگ کرنے والے انٹرنیشنل کرکٹر اس بار5 رنز تک محدود رہے،اس کے بعد خرم منظور اور کامران یونس نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا، دونوں نے حریف بولرزکی دل کھول کر پٹائی لگائی، مقررہ اوورز کے خاتمے پر ٹیم نے2وکٹ پر170 کا مضبوط اسکور بنا لیا،خرم منظور نے 3 چھکوں اور9 چوکوں کی مدد سے 60 گیندوں پر ناقابل شکست85رنز کی اننگز کھیلی،کامران یونس 70 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔




انھوں نے 53 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکا اور8 چوکے لگائے،راحت علی اور نعمان علی کے ہاتھ1،1وکٹ لگی، جواب میں کے آر ایل کا آغاز بھی اچھے انداز میں نہیں ہوا،پہلے اوور کی آخری گیند پر ذین عباس کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے، محمد طلحہٰ کی گیند پر اعظم حسین نے کیچ لیا،اس طرح ایک رن پر ہی پہلی وکٹ گرگئی، کے آر ایل کو دوسرا نقصان 5 ویں اوور کی چوتھی گیند پر شعیب احمد (6)کی وکٹ گنوا کر اٹھانا پڑا، ان کا طلحہٰ نے اپنی ہی گیند پر کیچ لیا،34 رنز پر تیسری وکٹ بھی گر گئی، چھٹے اوور کی آخری گیند پر علی خان(4)کو تابش نواب نے بولڈ کر دیا، سعید انور جونیئر بھی5 رنز بنانے کے بعد ڈریسنگ روم لوٹ گئے،ٹیم کی چوتھی وکٹ 48 رنز پر گری۔

13 ویں اوور کی آخری گیند پر جب نوید یاسین (14) نے خرم منظور کی گیند پر اعظم حسین کو کیچ تھمایا تو مجموعی اسکور 5 وکٹ پر87رنز تھا، دوسرا اینڈ سنبھالنے والے محمد یاسین نے ذوالفقار جان کے ہمراہ اسکور بڑھانا شروع کیا،136 رنز پرخرم منظور نے ذوالفقار کا کیچ تھام لیا، انھوں نے15رنز بنائے، وکٹ محمد طلحہ کے نام رہی،کے آر ایل نے مقررہ اوورزمیں6 وکٹ پر151 رنز اسکور کیے، محمد یاسین63 گیندوں پر 80 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے،اس میں2 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے،نعمان علی2 رنز پرواپس گئے،محمد طلحہٰ نے20 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،جمعرات کو پورٹ قاسم اتھارٹی کی ٹیم اپنا چوتھا میچ سوئی نادرن گیس کے خلاف کھیلے گی۔
Load Next Story