پیرجوگوٹھ پیرپگارا کے خطاب کے مریدین میں بھگدڑ 5 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق

زندگی میںنظم وضبط قائم کریں، ملک وقوم پرجب بھی مشکل وقت آیا...

جاں بحق افرادکی تدفین کردی گئی،حکومت نے کوئی انتظامات نہیں کیے،واقعے پر بھی روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا، پیر پگارا۔ فوٹو: ایکسپریس

عید کے دن پیرپگارا کے مریدین سے روحانی خطاب کے بعد بھگدڑمچنے سے5خواتین سمیت 6افراد جاں بحق ہو گئے، ماحول سوگوار، لاکھوں کے مجمع میں انتظامات نہ کرنے کی مذمت، جاں بحق خواتین کی آبائی علاقوں میں تدفین کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق درگاہ پیر جو گوٹھ میں عید کے دن حروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا پیر سید صبغت اللہ شاہ راشدی اپنے بزرگوں کی روایت کو زندہ رکھتے ہوئے ملک بھر سے آنے والے لاکھوں مریدوں کو اپنا دیدار کرانے کے بعد ان سے روحانی خطاب کرتے ہیں،عید پر سخت گرمی، حبس، گھٹن ہونے اور خطاب کے بعد بھگدڑ مچ جانے پر متعدد خواتین پائوں کے نیچے آکر دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگئیں، جن میں سے 5خواتین زیب النساء، صفیہ بھنبھرو، مائی عالماں، سکینہ، کریماں اور ایک مرد حاکم علی انصاری سمیت 6افراد جاں بحق ہوگئے جنہیں سوگوار ماحول میں آبائی علاقوں میں روانہ کیاگیا جہاں پر ان کی تدفین عمل میں لائی گئی۔


علاوہ ازیں درگاہ پیر جوگوٹھ پر خطاب کے دوران حکومت کی جانب سے انتظامات نہ کرنے پر پیر پگارا نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور حکومت کی جانب سے اجتماع کے دوران کسی بھی قسم کے انتظامات نہ کرنے اور حادثے کے بعد رابطہ کرنے کے باوجود ڈپٹی کمشنر خیرپور کی جانب سے مناسب ہنگامی اقدامات نہ کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے درگاہ پر ہونے والے واقعے پر روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا ہے۔قبل ازیں روضے دھنی پیر جوگوٹھ میں جمع ہونے والے مریدین کے لاکھوں کے اجتماع سے اپنے روحانی خطاب میں پیر پگارا نے کہاکہ ملک مشکل حالات سے دوچار ہے ،عوام ملک کی سلامتی، خوشحالی اور اسلام کی سربلندی کے لیے دعائیں اور کوششیں کریں۔

انھوں نے مریدوں کو پڑوسیوں کا خیال رکھنے ، بچیوں کو تعلیم دلانے اور بچوں کو نماز روزہ کا پابند بنانے پر زور دیا۔انھوں نے کہا کہ زندگی میں نظم و ضبط قائم کریں،گاڑیاں آہستہ چلائیں، ملک وقوم پرجب بھی مشکل وقت آیا توکسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریں گے۔ پیر پگارا نے اس موقع پر مریدین کودیدارکرایا تو اجتماع گاہ بھیج پگارا کے نعروں سے گونج اٹھی، پیر پگارا نے عید کے دوسرے اور تیسرے دن بھی مریدین کو زیارت کا شرف بخشا اور ان کے مسائل معلوم کرکے ان کو حل کرنے اور اپنی جانب سے ان کو روحانی نصیحت اور مشورے دیے۔

Recommended Stories

Load Next Story