18ہزار سے زائد ملازمین اور اثاثے ڈی ایم سیز کو منتقل کر دیے گئے

ساؤتھ1553،سینٹرل 2706 ،ایسٹ 2720 ، ویسٹ1571 ، ملیر 633 اور ڈسٹرکٹ کونسل کے199 ملازمین ڈی ایم سیز کے سپرد

جولائی کی تنخواہیں بلدیہ عظمیٰ کے بجائے ڈی ایم سیز ادا کرینگی، یچیدگی پر ڈی ایم سیز متعلقہ محکموں سے رابطہ کرسکتے ہیں ، متانت علی . فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹرو پولیٹن کمشنر متانت علی خان نے سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 1979ء کے تحت محکمہ تعلیم ، صحت اور کلچر اسپورٹس اینڈ ریکری ایشن کو پانچوں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز اور ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کو ملازمین، قابل منتقل اور ناقابل منتقل اثاثے ، تنخواہیں اور ان کا مکمل ریکارڈ حوالے کردیا ہے ۔

ان احکامات کے تحت ماہ جولائی کی تنخواہیں بلدیہ عظمیٰ کراچی ادا نہیں کرے گی،اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس کے دوران مشیر مالیات خالد محمود شیخ، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر محمد علی عباسی، سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم ، ڈائریکٹر ایجوکیشن آفاق احمد، ڈائریکٹر آکائونٹس ناصر محموداور متعلقہ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز کے میونسپل کمشنراور ڈسٹرکٹ کونسل کے افسران نے شرکت کی، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے تمام منتقل ہونے والے ملازمین کی فہرستیں، گاڑیوں کے کوائف، اثاثہ جات اور عمارتوں کی فہرستیں بھی ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز اور ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کے حوالے کردی گئی ہیں،میٹروپولیٹن کمشنر نے اس موقع پر تمام ضلعی میونسپل کارپوریشنز سے کہا کہ وہ کسی بھی قسم کی پیچیدگی کی صورت میں متعلقہ محکموں سے رابطہ کرسکتے ہیں ۔




تنخواہوں کی تیاری میں بلدیہ عظمیٰ کراچی 3 ماہ تک تمام ضلعی میونسپل کارپوریشن اور ڈسٹرکٹ کونسل کراچی کے ساتھ تعاون کریگی اور اس کے علاوہ کسی بھی قسم کی ضروری معلومات بھی فراہم کرے گی ڈی ایم سی سائوتھ میں 1553 ملازمین، سینٹرل میں 2706 ،ایسٹ میں 2720 ، ویسٹ میں 1571 ، ملیر میں 633 اور ڈسٹرکٹ کونسل میں 199 ملازمین کو منتقل کیا جا رہا ہے لہٰذا بلدیہ عظمیٰ کراچی اب ان محکموں کی تنخواہیں ادا نہیں کرے گی میٹروپولیٹن کمشنر نے کہا کہ ان محکموں کی تمام مشینری، آلات، فرنیچر، گاڑیاں، اثاثہ جات اور تمام ریکارڈ متعلقہ ڈی ایم سیز کو منتقل کردی گئی ہیں محکمہ تعلیم کے تقریباً 8 ہزار ملازمین اور محکمہ صحت کے تقریباً 14سو ملازمین ڈی ایم سیز کو منتقل کیے گئے ہیں شعبہ لوکل ٹیکسز ( ایڈورٹائزمنٹ) حکومت سندھ کی ہدایات موصول ہونے پر ڈی ایم سیز کو منتقل کیا جائے گا۔
Load Next Story