کراچی میں ضمنی الیکشن ایم کیو ایم کامیاب

کراچی میں پرامن طریقے پر ضمنی انتخاب کا انعقاد جمہور اور جمہوریت کی جیت نہیں بلکہ پاکستان کی جیت بھی ہے۔

کراچی میں پرامن طریقے پر ضمنی انتخاب کا انعقاد جمہور اور جمہوریت کی جیت نہیں بلکہ پاکستان کی جیت بھی ہے۔فوٹو: فائل

جمہوری عمل عوام کو اپنے نمایندے منتخب کرنے کا مکمل اختیار دیتا ہے۔ عوام کے ووٹ کی طاقت سب سے بڑی ہے، کراچی میں گزشتہ تیس برس کے دوران جتنے بھی عام انتخابات ہوئے تھے، ان تمام میں متحدہ قومی موومنٹ اکثریت پارٹی کے طور پر ہمیشہ جیتی ہے، لیکن جولائی 2018 کے عام انتخابات میں تحریک انصاف بازی لے گئی اور قومی اسمبلی کی چودہ نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوئی۔

اسی تناظر میں اتوارکو ہونے والا ضمنی الیکشن توجہ کا مرکز بنا ہوا تھا اور سب کی نظریں اس کے انتخابی نتیجے پر تھیں کہ آیا یہ روایتی نشست ایم کیوایم جیتے گی یا نہیں ۔کراچی میں سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 94 کورنگی کے ضمنی انتخاب میں متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار سید ہاشم رضا 21 ہزار زائد ووٹ حاصل کرکے کامیاب ٹھہرے، جب کہ تحریک انصاف کے امیدوار دوسرے، مہاجر قومی موومنٹ کے امیدوار تیسرے نمبر پر رہے۔


یہ نشست ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی ۔ اس نشست پرکامیابی کا ایم کیوایم کے کارکنان نے خوب جشن منایا، صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ اگرکراچی کو مقام ملے گا تو ملک کو بھی مقام ملے گا ۔ جیت اور ہار معنی نہیں رکھتی،کراچی کی رائے کو اہمیت ملی ہے۔

پہلی بات تو یہ ہے کہ ایم کیو ایم کے سیاسی طور پر خاتمے کے جو مفروضے قائم کیے جا رہے تھے وہ غلط ثابت ہوئے ہیں ۔ ایم کیو ایم آج بھی اپنا طاقتور ووٹ بینک رکھتی ہے۔اس حلقے میں محنت کش ، مزدوراور غریب طبقے کے افراد بستے ہیں۔ان کے حلقے میں مسائل بے شمار ہیں۔ ضمنی انتخاب انتہائی پر امن ماحول میں منعقد ہوا، کسی بھی قسم کی انتخابی بد نظمی یا شکوے ، شکایات سننے میں نہیں آئی، نہ ہی الیکشن کمیشن کوکوئی شکایت موصول ہوئی ، حلقے سے سولہ امیدوار میدان میں تھے، تمام سیاسی پارٹیوں نے اپنے امیدوارکھڑے کیے، البتہ ضمنی الیکشن کی وجہ سے ووٹرز ٹرن آئوٹ خاصا کم رہا۔

کراچی میں پرامن طریقے پر ضمنی انتخاب کا انعقاد جمہور اور جمہوریت کی جیت نہیں بلکہ پاکستان کی جیت بھی ہے۔ جمہوریت ہی عوام کے لیے بہترین طرز حکومت ہے جس میں ان کے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں ۔
Load Next Story