ویمنز ورلڈ ٹوئنٹی 20 افتتاحی ٹاکرا میں آسٹریلیا اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے

فائنل عالمی یوم خواتین کے موقع پر 8 مارچ کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر منعقد ہوگا۔

فائنل عالمی یوم خواتین کے موقع پر 8 مارچ کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر منعقد ہوگا۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی ویمنز ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ 21 فروری سے 8 مارچ 2020 کے دوران آسٹریلیا میں ہی کھیلا جائے گا جب کہ اس ایونٹ کا فائنل عالمی یوم خواتین کے موقع پر 8 مارچ کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر منعقد ہوگا۔

آئی سی سی ویمنز ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے ایونٹ کا آغاز 21 فروری سے سڈنی میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان مقابلے سے ہوگا، اس سے قبل شاندار افتتاحی تقریب بھی منعقد ہوگی۔ دونوں سیمی فائنلز 5 مارچ کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر منعقد ہوں گے۔

ویمنز ایونٹ میں بھی پاکستان اور بھارت کا گروپ اسٹیج میں مقابلہ نہیں ہوگا کیونکہ دونوں الگ الگ گروپس میں شامل ہیں۔ گرین شرٹس اپنے کا آغاز 26 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کینبرا میں شیڈول میچ سے کریں گی۔

دوسرا میچ 28 فروری کو کینبرا میں ہی انگلینڈ، تیسرا سڈنی میں جنوبی افریقہ اور اسی وینیو پر ہی 3 مارچ کو پاکستانی ویمنز ٹیم اپنا آخری میچ کوالیفائر 2 کے خلاف کھیلے گی۔ مجموعی طور پر ٹاپ 10 ٹیموں میں 23 میچز کھیلے جائیں گے۔


ویمنز ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کیلیے ٹکٹوں کی فروخت رواں برس 21 فروری سے شروع ہوگی، شائقین آفیشل ویب سائٹ پر ٹکٹوں کیلیے پہلے سے رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔

دریں اثنا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویمنز ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل سے کسی بھی خواتین اسپورٹ میں کراؤڈ کی شرکت کا عالمی ریکارڈ ٹوٹنے کی امیدیں وابستہ کرلیں۔

موجودہ ریکارڈ 90 ہزار 185 تماشائیوں کا ہے جنھوں نے 1999 میں امریکا اور چین کے درمیان ویمنز فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل میں شرکت کی تھی۔ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ایک لاکھ تماشائیوں کی گنجائش ہے۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن کہتے ہیں کہ جب ہم آسٹریلیا میں اپنے شوپیس ایونٹ منعقد کرتے تو ہمیں تماشائیوں کی بڑی تعداد میں گراؤنڈ میں آنے کی امیدیں ہوتی ہیں۔
Load Next Story