اسٹاک مارکیٹ میں تیزی برقرار سرمایہ کاری مالیت میں 36 ارب کا اضافہ

بینکنگ، فوڈز، توانائی اور کیمیکلز سمیت دیگرمنافع بخش سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا

کے ایس ای 100 انڈیکس کی 40500 اور 40600 کی نفسیاتی حدیں بحال، کاروباری حجم 81 کھرب 10 ارب 91 کروڑ ہو گیا۔ فوٹو : فائل

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 40500 اور 40600 کی نفسیاتی حدوں کو بحال کرتے ہوئے مزید204.30 پوائنٹس کے اضافے سے 40624.39 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص خریداری میں دلچسپی بڑھنے کے باعث 51 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 36 ارب 70کروڑ84 لاکھ روپے سے زائدکا اضافہ ہوا۔


حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی پیر کی نسبت22.79فیصد زائد رہا۔ منگل کو ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 40500 اور 40600 پوائنٹس کی نفسیاتی حدیں بھی بحال ہوگئیں۔

مجموعی طور پر 347 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہواجن میں سے 177 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ 147 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 23 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔

سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 81 کھرب 10 ارب 91 کروڑ 20 لاکھ روپے ہوگئی۔ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے حساب سے اٹک پٹرولیم کے حصص سرفہرست رہے۔
Load Next Story