حوالات میں ملزمان کی ہلاکتیں بڑھنے لگیں تیموریہ پولیس کے ہاتھوں گرفتار نوجوان جاں بحق

21سالہ بلال کومبینہ پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا،ملزم کی لاش چھیپا ویلفیئر کے سرد خانے منتقل

ملزم نشے کی زیادتی سے ہلاک ہوا،تھانیدار،موت زیادہ خون بہنے سے ہوئی،آج پوسٹ مارٹم کیا جائے گا،ڈاکٹر فوٹو: فائل

پولیس مقابلے میں زخمی ہونے والا ملزم پراسرار طور پرجاں بحق ہوگیا جس کی لاش سرد خانے منتقل کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات اورجمعے کی درمیانی شب تیموریہ پولیس نے21 سالہ ملزم بلال ولد ہمایوں کو زخمی حالت میں گرفتارکرکے قبضے سے اسلحہ لوٹا ہوا سامان اور موٹر سائیکل برآمدکرنے کا دعویٰ کیا تھا، زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تھا جس کے بعد پولیس اسے اسپتال سے تھانے لے گئی تھی،جمعے اورہفتے کی درمیانی شب تیموریہ پولیس ملزم کوانتہائی تشویشناک حالت میں دوبارہ عباسی شہید اسپتال لے کر پہنچی جہاں ملزم چند منٹ موت اور زندگی کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دوران علاج دم توڑگیا، ایم ایل او عباسی شہید شاہد نظامی نے بتایا کہ ملزم کو مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ٹانگ پرگولی لگی تھی۔

جس کے باعث اس کا خون بہت زیادہ بہہ گیا تھا، ملزم کی لاش کا آج پوسٹ مارٹم کیا جائے گا جس کی رپورٹ کے بعد ہی ملزم کے مرنے کی اصل وجہ معلوم ہوسکے گی،ایس ایچ او تیموریہ چوہدری طفیل بتایا کہ ملزم نشے کا عادی تھا اورنشے کی زیادتی کے باعث اس کی موت ہوئی ہے یہ کہہ کرانھوں نے لائن کاٹ دی اوراوردوبارہ رابطہ کرنے پرکال ریسورنہیں کی، ملزم کی لاش رات گئے صدر میں واقع چھیپا ویلفیئر کے سرد خانے منتقل کردی گئی۔


کراچی پولیس چیف نے ملزم کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا

کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے تیموریہ پولیس کی حراست میں زخمی ملزم بلال کی ہلاکت کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ زون ڈاکٹر امین یوسف زئی کو انکوائری افسر مقرر کر دیا، کراچی پولیس چیف نے واقعے کی رپورٹ 3 دن میں جمع کرانے کی ہدایت جاری کی، ترجمان کے مطابق ڈی آئی جی ویسٹ انکوائری کے دوران ملزم کی موت کے اسباب اور ذمے داروں کا تعین کریں گے جبکہ اس بات کی بھی تحقیقات کی جائے گی کہ مقابلے میں ملزم اگر شدید زخمی ہوا تھا تو اسے اسپتال میں داخل کرانے کے بجائے تھانے کیوں منتقل کیا گیا اور جب ملزم کی پولیس حراست کے دوران حالت خراب ہوئی تو اسے پولیس کی جانب سے کیا طبی امداد دی گئیں ؟ اس کے علاوہ اس بات کی بھی تحقیقات کی جائیگی کہ زیر حراست ملزم کی ہلاکت کی وجہ گولی لگنے کا زخم تھا یا اسے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا؟

واضح رہے کہ ایس ایچ او تیموریہ چوہدری طفیل نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بفرزون کے بی آر سوسائٹی میں مقابلے کے دوران ملزم بلال کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا جس کے بعد ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا اور بعدازاں اسے تھانے منتقل کر دیا گیا تھا،ڈی ایس پی شادمان ٹائون خواجہ معین الدین نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا ملزم اس سے قبل بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے اور حال ہی میں جیل سے رہا ہو کر آیا تھا تاہم اس کی ہلاکت کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی ہو سکے گی جبکہ فوری طور پر اس کے ورثا کا بھی کچھ پتہ نہیں چل سکا جس کے باعث اس کی لاش سرد خانے میں رکھوائی، ہلاک ملزم کے کرائم ریکارڈ کی مدد سے اس کے ورثا کا پتہ چلانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
Load Next Story