غیر لائسنس یافتہ میڈیکل اسٹورز کے خلاف کارروائی شروع

جو میڈیکل اسٹوربغیرلائسنس کے چل رہے ہیں انھیں فوری سربمہرکرکے ادویہ ضبط کرلی جائیں،چیف ڈرگ انسپکٹر

ڈرگ لائسنس کی مدت ختم ہونے کے بعد تجدید نہ کرانے والے میڈیکل اسٹورزکے خلاف بھی کارروائی کی جائے

ڈرگ ایڈمنسٹریشن سندھ نے کراچی سمیت صوبے بھر میں بغیرڈرگ لائسنس میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز کے خلاف28 فروری تک خصوصی مہم شروع کردی ہے۔


صوبائی چیف ڈرگ انسپکٹر عدنان رضوی نے صوبے بھر کے ڈرگ انسپکٹرز کو تحریری مراسلے میں ہدایت کی ہے کہ جو میڈیکل اسٹورز فارمیسی بغیرلائسنس دواؤں کی خرید وفروخت کررہے ہیں انھیں فوری سربمہر کرکے ادویہ بحق سرکار ضبط کرلی جائیں اور جن میڈیکل اسٹورز نے ڈرگ لائسنس کی مدت ختم ہونے کے بعد تجدید نہیں کروائی ہے۔ ان کے خلاف بھی ڈرگ ایکٹ کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لائی جائے تاہم جن میڈیکل اسٹورز نے لائسنس کے اجرا اور تجدید کیلیے باقاعدہ درخواست دے رکھی ہے اوران کے پاس چالان اور کیس جمع کرانے کی اصل رسید موجود ہے ایسے میڈیکل اسٹورز اور فارمیسی کو پریشان کرنے سے گریزکیا جائے، بل ورانٹی ،ادویہ کے ٹمپریچرکے ماحول سمیت صفائی اور فروخت شدہ دواؤں کے کیش میمو بلزکی بھی جانچ پڑتال اورقریب المعیاد ادویہ کی شیلف میں موجودگی کانوٹس لیا جائے۔

علاوہ ازیں چیف ڈرگ انسپکٹر کے ایک دوسرے تحریری مراسلے کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان ( ڈریپ) متبادل ادویہ کے حکم پر عمل درآمد کے نوٹس کے لیے بھی واضح ہدایت دی گئی ہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں متبادل ادویہ ، یونانی، ہومیو پیتھی،ہربل اور آریوویدرک کے مینوفیکچررز، امپورٹرز، میڈیکل اسٹورز، فارمیسیز اگر بغیر فارم 7 میں اینلیسمنٹ کے مذکورہ دوا کی تیاری، برآمدگی اور خریدو فروخت میں ملوث ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے اور مذکورہ ادویہ کو بغیر اینلیسمنٹ ہونے کے بحق سرکار ضبط کرلیا جائے۔
Load Next Story