کلفٹن ڈاکوؤں نے بینک سے25لاکھ اور گارڈز کا اسلحہ لوٹ لیا

ذرائع کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس نے بینک میں لگے سی سی کیمروں سے بننے والی فوٹیج کی سی ڈی حاصل کر لی ہے۔

چائنہ ٹاؤن ریسٹورینٹ کے قریب نجی بینک سے7 ڈاکو عملے کو یرغمال بنا کر بینک میں موجود 25 لاکھ 68 ہزار 630 روپے نقد رقم لوٹ کر فرار ہو گئے۔ فوٹو: فائل

کلفٹن بلاک2میں واقع نجی بینک سے7 ڈاکو25 لاکھ روپے سے زائد کی نقدی رقم اور سیکیورٹی گارڈ سے پستول اور رپیٹر چھین کر فرار ہو گئے ۔

چائنہ ٹاؤن ریسٹورینٹ کے قریب نجی بینک سے7 ڈاکو عملے کو یرغمال بنا کر بینک میں موجود 25 لاکھ 68 ہزار 630 روپے نقد رقم لوٹ کر فرار ہو گئے، پولیس کے مطابق بدھ کی صبح9 بجکر 10 منٹ پر2کاروں میں سوار7ملزمان آئے اور بینک میں داخل ہو کر وہاں موجود سیکیورٹی گارڈ، عملے اور کھاتے داروں کو یر غمال بنا کر بینک میں موجود رقم لے کر فرار ہوگئے ، بینک منیجر نے ملزمان کے بینک میں داخل ہوتے ہی ایمرجنسی الارم بجا دیا تھا جس کا بینک میں موجود ملزمان کو پتہ نہیں لگا، ملزمان 20 منٹ تک بینک میں کارروائی کر کے جب باہر نکلے تو اسی اثنا میں نجی سیکیورٹی کمپنی کی گاڑی بھی موقع پر پہنچ گئی۔

سیکیورٹی کمپنی سے جب گارڈ باہر نکلے تو بینک میں موجود ملزمان کے ساتھی جو باہر ان کے بیک اپ کے لیے کھڑے تھے انھوں نے سیکیورٹی گارڈز کو یرغمال بنا لیا اور بینک سے رقم لوٹ کر آنیوالے اپنے 7ساتھیوں کو بحفاظت لے کر فرار ہوگئے ملزمان جاتے ہوئے سیکیورٹی کمپنی کے گارڈز سے ایک رپیٹر اور ایک پستول اپنے ساتھ لے گئے ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کی۔




ملزمان کی فائرنگ سے خوفزدہ سیکیورٹی گارڈز نے ان کا تعاقب بھی نہیں کیا واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کا محاصرہ کر کے آنے جانے والے شہریوں کی تلاشی لینا شروع کر دی۔

جبکہ بوٹ بیسن تھانے کی انویسٹی گیشن اور اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر بینک کا جائزہ لے کر شواہد اکھٹا کرنے شروع کر دیے، ذرائع کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس نے بینک میں لگے سی سی کیمروں سے بننے والی فوٹیج کی سی ڈی حاصل کر لی ہے جبکہ چائنا ٹاؤن ریسٹورانٹ کے اطراف میں لگے سی سی کیمروں سے بھی ملزمان کی واضح فوٹیج بنی ہیں ، واضح رہے ملزمان اپنے طور پر سی سی کیمرے سے بننے والی فوٹیج اپنے ساتھ لے گئے تاہم ملزمان جو لیکر گئے ہیں وہ خالی ڈبہ تھا جس میں مصنوعی سی ڈی تھی ، پولیس نے بوٹ بیسن تھانے میں بینک منیجر ساغر علی شیخ کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کرلی ۔
Load Next Story