شہر میں یخ بستہ ہواؤں سے سردی دوبارہ بڑھ گئی سلسلہ کل تک برقرار رہے گا

صبح دھند کی وجہ سے حد نگاہ 6کلومیٹر سے کم ہوکر4کلومیٹررہی،صبح ہوامیں نمی کا تناسب 40 اورشام کو14فیصدرہا۔

شہریوں نے گرم کپڑے دوبارہ پہن لیے،سرشام مصروف مقامات پرسناٹا،محلوں میں بیٹھنے والوں نے آگ تاپی،یخنی اورسوپ کے ٹھیلوں پررش۔ فوٹو: فائل

شہر میں پھر غیر معمولی سرد ہوائیں چل پڑیں جب کہ سرد ہواؤں کا سلسلہ جمعے تک جاری رہ سکتا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کے مطابق سرد ہواؤںِ کا سلسلہ جمعہ تک برقراررہ سکتا ہے، بدھ کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 17ڈگری رہا اور زیادہ سے زیادہ 24.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 40 فیصد اور شام کو 14فیصد ریکارڈ ہوا بدھ کی صبح دھند کی وجہ سے حد نگاہ 6کلومیٹر سے کم ہوکر4کلومیٹررہ گئی تھی۔


محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24گھنٹوں کے دوران شہر کا مطلع خشک ، رات سرد اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات کا مزید کہناہے کہ ملک بھر میں داخل ہونے والے ہواؤں کے نئے سلسلے کی وجہ سے شہر میں بوندباندی اور بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

واضح رہے کہ امسال موسم سرما شدید اور طویل ہونے پر شہریوں نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا ہے سردیوں میں اس سال 2 بار بارش ہوئی ہے جس سے ٹھنڈ بڑھ گئی اور عرصہ بعد اہلیان شہر نے سرد موسم کا خوب مزہ لیا، بدھ کو چلنے والی تنز و تیز یخ بستہ ہواؤں سے پریشان شہریوں نے گرم ملبوسات دوبارہ پہن لیے، سرشام مصروف رہنے والی سڑکیں سنسان ہوگئیں اور محلوں میں بیٹھنے والے افراد نے گلیوں میں آگ لگاکر ہاتھ تاپنا شروع کردیے۔

سردی کی شدت میں اضافے سے گرم مشروبات کی فروخت دوبارہ بڑھ گئی، یخنی اور سوپ کی دکانوں اور ٹھیلوں پر رش لگا رہا، مونگ پھلی بیچنے والوں کی چاندی ہوگئی اور سرد موسم میں ٹھیلوں پر خشک میوے بیچنے والوں کی فروخت بڑھ گئی۔
Load Next Story