ممنون حسین کپڑے کاکاروبارکرتے ہیں95میں ن لیگ جوائن کی

نوازشریف کو کراچی جیل میں دوران اسیری دہی بڑے اور گول گپے بھجوایا کرتے تھے

نوازشریف کو کراچی جیل میں دوران اسیری دہی بڑے اور گول گپے بھجوایا کرتے تھے فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
ن لیگ کی طرف سے صدارت کے نامزد امیدوار ممنون حسین 95 میںن لیگ میں شامل ہوئے اور تیزی سے نوازشریف کا اعتماد حاصل کر لیا۔

انھیں17اگست 1999 کو سابق صدر جنرل ضیا الحق کی برسی کے موقع پرق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھااور سابق گورنر لیفٹیننٹ جنرل رٹائرڈ معین الدین حیدر کو ہٹا کر انھیں گورنر سندھ بنایا تھا، ممنون حسین کپڑے کا کاروبار کرتے ہیں اور گورنر بننے تک کراچی میں معروف جامع کلاتھ مارکیٹ میں اپنی دوکان چلاتے رہے ہیں یہ بزنس اب ان کا بیٹا چلاتاہے۔ نامزد صدارتی امیدوار ممنون حسین ن لیگ سندھ کے صدر سید غوث علی شاہ ، اعجاز شفیع مرحوم اورکیپٹن حلیم صدیقی کے ذریعے ن لیگ میں شامل ہو ئے تھے اور انھیں ن لیگ سندھ کا فنانس سیکریٹری بنایا گیا تھا۔12اکتوبر 1999 کو نوازشریف کو بند کیا گیا تو ممنون حسین نے اعجاز شفیع کے ہمراہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا اعجاز شفیع مرحوم کے لیٹرپیڈ پر جیل میں وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کیلیے کھانا بھجوایا جا تاتھا ۔




ممنون حسین نوازشریف کیلیے دہی بھلے اور گول گپے بھی بھجوایا کرتے تھے جبکہ اس سے قبل جب نواز شریف وزیراعظم تھے تو وہ کراچی سے خاص طور پر ان کے لیے دہی بھلے اسلام آباد لایا کرتے تھے۔ دریں اثنا ذرائع کے مطابق ممنون حسین کو صدر کا امیدوار نامزد کرنے کی ایک وجہ یہ بھی بتائی گئی ہے کہ ایم کیو ایم نے اردو بولنے والے ممنون حسین کو صدارتی امیدوار بنانے پر اپنی حمایت کا ن لیگ کی قیادت کویقین دلایا تھا اور گزشتہ روز وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ملاقات میں اس معاملے پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور ایم کیوایم کی قیادت نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک رہنما ممنون حسین کو ن لیگ نیا صدر مملکت بنانا چاہتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم سے باضابطہ ووٹ مانگنے کیلیے ن لیگ کا ایک رکن آئندہ چند روز میں متحدہ کے ہیڈکوارٹر نائن زیروکراچی جا کر ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر رہنمائوں سے ملاقات کرے گا۔
Load Next Story