کراچی میں فائرنگ کے واقعات کے دوران مزید 10 افراد ہلاک

ماڑی پورروڈپرپی ٹی سی ایل ملازم،سعیدآبادمیں22سالہ احسن،ولیکااسپتال کے قریب 2افرادفائرنگ کانشانہ بنے

جناح برج کے نیچے ہندوکچھی برادری کے2افرادکوگولیاں ماردی گئیں،پٹھان کالونی میںایک،گلشن میں خاتون ہلاک،ایک لاش ملی،11زخمی۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات کے دوران10افرادہلاک اورخواتین سمیت11 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر ون ڈی علیگڑھ کالونی مکان نمبر756کے رہائشی35سالہ محمد شاہد عرف بڑاکونامعلوم ملزمان نے گھرکے قریب فائرنگ کر کے ہلاک کردیا اور فرارہوگئے مقتول2بچوں کا باپ اورگاڑیوں کی خریدو فروخت کا کام کرتاتھاجبکہ اسلحہ ایکٹ اور چوری کے مقدمات میں بھی ملوث تھا،اسے بدھ کوسحری سے کچھ دیر قبل نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے4گولیاں مار کر ہلاک کیا۔ماڑی پورکے علاقے ہاکس بے مرین اکیڈمی روڈکے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے35سالہ شخص ہلاک ہو گیا۔مقتول کی شناخت تنویر احمدکے نام سے کر لی گئی جو نارتھ ناظم آباد کا رہائشی تھا،واقعے کے وقت مقتول اپنی موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار2ملزمان نے تعاقب کر کے سرمیں گولی مارکرہلاک کر دیا اورفرارہوگئے۔




سائٹ اے تھانے کی حدودمنگھو پیر روڈ ولیکااسپتال کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے30سالہ اکبرعلی اور28سالہ سید وارث ہلاک ہوگئے،مقتولین کی لاشیں عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئیں ،مقتولین ولیکا اسپتال کے قریب کے رہائشی ہیں۔سعید آباد کے علاقے سعیداﷲ گوٹھ 7 اسٹارکوچ کے اڈے کے پاس نامعلوم افرادکی فائرنگ سے22سالہ احسن عباس ہلاک ہوگیا، جناح برج کے نیچے موٹرسائیکل پرسوار2 افرادکونامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے شدیدزخمی کر دیا جنھیں سول اسپتال لے جایا گیاجہاں دونوں افرادزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگئے ،جن کی شناخت 26 سالہ انوک اور28 سالہ راجہ شنکرکے نام سے ہوئی ،دونوں سلاٹر یارڈ روڈ بھنگی پاڑے کے رہائشی اورہندوکچھی تھے۔

سائٹ اے تھانے کے علاقے پٹھان کالونی کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 29 سالہ امین ہلاک ہوگیا،گلشن حدید کے علاقے فیزٹو میں باپ اور بیٹے کے درمیان جائیدادکے جھگڑے میں 75 سالہ خاتون اسلام بی بی پراسرار طور پرہلاک ہوگئی، ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن راجااسلم نے بتایا کہ منظور شاہ کے بیٹے ندیم شاہ اپنے والد سے جائیداد کے تنازع پرجھگڑا ہوا تھا اس دوران منظور شاہ کی ضعیف والدہ صدمے سے دل کادورہ پڑنے سے ہلاک ہوگئی۔سائٹ بی تھانے کے علاقے ٹیکنیکل کالج کے عقب میں جھاڑیوں سے 35 سالہ شخص کی بوری بندلاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد فائرنگ کر کے ہلاک کردیا اور لاش پھینک کر فرار ہوگئے۔گلبرگ کے علاقے کریم آبادپل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے35سالہ امان قریشی زخمی ہو گیا ۔شاہ لطیف تھانے کی حدود سیکٹر 17 میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے30 سالہ ایاز،کورنگی انڈسٹریل ایریا سیکٹر28 میں 22 سالہ معراج ،سعید آباد سیکٹر9/E میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے28 سالہ شبیر احمد ،نیو کراچی60 نمبر بس کے آخری اسٹاپ کے قریب 35 سالہ محمد عاشق زخمی ہوگیا۔

Recommended Stories

Load Next Story