سندھ کے تعلیمی بورڈز لازمی حاضری کا نظام وضع کرنے میں ناکام

اجلاس میں امتحان میں شرکت کے لیے 75 فیصد حاضری کیلیے تجویز پیش کی گئی۔

اجلاس میں تعلیمی اداروں میں حاضری پوری نہ ہونے کی صورت میں طلبا کو ایڈمٹ کارڈ جاری کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا۔ فوٹو: فائل

سندھ کے سرکاری تعلیمی بورڈزکے چیئرمینز اسکولوں اورکالجوں میں75فیصدلازمی حاضری کا نظام وضع کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔

اس سلسلے میں جمعرات کوسندھ کے سرکاری تعلیمی بورڈزکے سربراہوں کی کمیٹی (سی او سی) کا اجلاس کسی فیصلے پر پہنچے بغیر ہی ختم ہوگیا، یہ اجلاس سی او سی کے سربراہ اور چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی پروفیسر انوار احمد زئی کی زیرصدارت انٹربورڈ کراچی میں منعقد ہوا، اجلاس میں تعلیمی اداروں میں حاضری پوری نہ ہونے کی صورت میں طلبا کو ایڈمٹ کارڈ جاری کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا، اجلاس میں امتحان میں شرکت کے لیے 75 فیصد حاضری کیلیے تجویز پیش کی گئی کہ متعلقہ ڈائریکٹر اسکولز اسکولوں اورکالجوں سے ہرماہ طلبا کی حاضری منگواکر متعلقہ تعلیمی بورڈ کو بھجوادیں جبکہ دوسری تجویز میں کہا گیا کہ ہراسکول اورکالج تعلیمی سال کے آخر میں امتحان سے قبل اپنے طلبا کی حاضری کا مکمل ریکارڈ بورڈ کو بھجوادے جس کی بنیاد پر ایڈمٹ کارڈ جاری کیے جائیں۔

تاہم ان دونوں تجاویز پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا اور اجلاس بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا،ایک چیئرمین بورڈ نے بتایاکہ اسکولوں میں میٹرک کی سطح پر حاضری کا نظام بہتر ہے تاہم سندھ بھر میں کالجوں میں 30 سے 40 فیصد حاضری پر طلبا کو امتحان میں شرکت کے لیے ایڈمٹ کارڈجاری کیے جاتے ہیں لہٰذا انٹرکی سطح پر75فیصد لازمی حاضری یقینی بنائی جائے۔




علاوہ ازیں انٹربورڈ کراچی سے جاری اعلامیے کے مطابق سندھ بورڈز کمیٹی آف چیئرمین کا اجلاس اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں صوبائی محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق 75فیصد حاضریوں کی ماہانہ رپورٹ متعلقہ ڈائریکٹرز کو اپنے حلقے کے تعلیمی بورڈز کو ارسال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس پر عملدرآمد نہیں ہوا ہے۔

تعلیمی بورڈز کے سربراہوں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے پروگرام کے مطابق ہر بورڈ میں حاضری مانیٹرنگ ڈیسک قائم کردی گئی ہے جہاں تمام الحاق شدہ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم امیدواروں کے لیے بھیجی جانے والی حاضری کی رپورٹ کو محفوظ کیا جائے گا اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ڈائریکٹر جنرل کالجز ، ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز اور تمام ڈویژنل ڈائریکٹر اسکولز کو یاددہانی کے خطوط ارسال کیے جائیں گے کہ وہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے پر تعطیلات کے فوراً بعد عمل کرتے ہوئے امیدواروں کی حاضری متعلقہ بورڈز کو بھیجیں۔
Load Next Story