رابعہ سٹی 2 گروپوں کے تصادم میں ایک شخص ہلاک مکینوں کا شدید احتجاج

کالعدم تنظیم کے کارکنوں نے قبضے کی کوشش کے دوران گھروں میں گھس کر مکینوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

رابعہ سٹی میں تصادم اور فائرنگ کے بعد فلیٹوں کے مکین سڑک پر جمع ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

QUETTA:
گلستان جوہر رابعہ سٹی میں2 گروپوں میں تصادم اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور5 افراد زخمی ہو گئے۔

کالعدم تنظیم کے کارکنوں نے قبضے کی کوشش کے دوران گھروں میں گھس کر مکینوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، ڈیڑھ گھنٹے تک فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا جس کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، مکین پولیس اور رینجرز پر برس پڑے، پولیس کی بکتر بند گاڑیوں اور موبائلوں پر پتھراؤ کرکے اہلکاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا، علاقے میں کشیدگی برقرار ہے،تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر رابعہ سٹی میں2 گروپوں میں تصادم کے دوران اندھا دھند فائرنگ سے25 سالہ اویس عرف فنٹر ولد سلیم ، 22 سالہ تابش ولد عبد اﷲ،24 سالہ ثنا اﷲ ولد خمیسو اور پرویز سمیت5 افراد زخمی ہوگئے۔

جنھیں طبی امداد کے لیے عباسی شہید اور جناح اور اسپتال پہنچایا گیا،عباسی شہید اسپتال میں اویس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا،ایس ایچ او شاہراہ فیصل انسپکٹر ارشد جنجوعہ نے بتایا کہ مقتول رابعہ سٹی کا رہائشی تھا اور اسی علاقے میں ایک امام بارگاہ کا خادم تھا جو دہشت گردوں کی فائرنگ کی زد میں آگیا، واقعے کے وقت کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے طارق ترین اور اکرم اپنے دیگر 150 سے زائد ساتھیوں کے ہمراہ رابعہ سٹی میں داخل ہونے کی کوشش کی، قبضہ گروپ نے مکینوں کو خوفزدہ کرنے کے لیے اندھا دھند فائرنگ کی۔




جس پر وہاں موجود دوسرے گروپ نے انھیں رابعہ سٹی میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے جوابی فائرنگ کی، علاقہ مکینوں نے بتایا کہ حملہ آور ڈیڑھ گھنٹے تک اندھا دھند فائرنگ کرتے رہے اور متعدد فلیٹوں میں گھس کر مکینوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ متعدد فلیٹوں سے نقدی ، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے،میڈیا پر خبریں نشر ہونے پر پولیس اور رینجرز وہاں پہنچی اور فائرنگ بھی رک گئی ۔

رابعہ سٹی کے مکینوں نے رینجرز اور پولیس کی گاڑیوں پر پتھرائو کیا اور نعرے لگائے، مکینوں کا کہنا تھا کہ دہشت گرد بے گناہ شہریوں کو گھروں میں گھس کر مار رہے تھے تو پولیس اور رینجرز نہیں آئی اب وہ بھاگ گئے ہیں تو یہ کارکردگی دکھانے آئے ہیں ،رابعہ سٹی کے اطراف عام انتخابات کے موقع پر 3 ماہ تک پولیس اور رینجرز کی چوکیاں قائم تھیں جنھیں ختم کرکے نفری ہٹالی گئی ہے،علاقے کا ایس ایچ او اور ڈی ایس پی بھی دہشت گردوں سے ملے ہوئے ہیں ، پولیس کو جوئے اور منشیات کے اڈوں سے منہ بند رکھنے کے لیے مبینہ طور پر بھاری رشوت مل رہی ہے،آخری اطلاعات تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہوا تھا۔
Load Next Story