ایکسپو پاکستان 450 نمائش کنندگان نے جگہ بک کرالی

نمائش میں 75 ملکوں کے خریدار شرکت کررہے ہیں، 600 کمپنیاں اسٹال لگائیں گی

انٹرنیشنل چین اسٹورز نے بھی نمائش میں شرکت کی یقین دہانی کرادی، ٹی ڈی اے پی فوٹو: فائل

ایکسپو پاکستان نمائش کو اندرون اور بیرون ملک سے بھرپور رسپانس مل رہا ہے اور اب تک 450 نمائش کنندگان نے اپنی مصنوعات کی نمائش کے لیے جگہ بک کرادی ہے۔

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے مطابق 26 سے 29 ستمبر کراچی ایکسپو سینٹر میں ہونے والی نمائش کو گزشتہ تمام نمائشوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ رسپانس مل رہا ہے، مختلف تجارتی انجمنیں اور مینوفیکچررز ایسوسی ایشن بھی اپنے اراکین کی بڑی تعداد کے ساتھ نمائش میں شرکت کررہی ہیں، اسی طرح ملک کی معروف برانڈز کی بڑی تعداد بھی نمائش میں شریک ہے۔




دوسری جانب انٹرنیشنل چین اسٹورز نے بھی نمائش میں شرکت کی یقین دہانی کرادی ہے، بیرون ملک پاکستانی کمرشل قونصلرز خریداروں سے ملاقاتیں کررہے ہیں اور انہیں ایکسپو پاکستان کے بارے میں بریفنگ دی جارہی ہے جس سے غیرملکی خریداروں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے، نمائش میں 75 ملکوں کے خریدار شرکت کررہے ہیں جبکہ ملکی و غیرملکی 600 کمپنیاں اپنے اسٹال لگارہی ہیں، نمائش میں پاکستانی ثقافت کے مظاہرے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
Load Next Story