گاڑیاں خراب اور پٹرول جاری ہونے کی تحقیقات کی جائے شعیب صدیقی

بدعنوان افسران کیخلاف کارروائی کی ہدایت، قائم مقام ایڈمنسٹریٹر نے روزنامہ ایکسپریس میں شایع خبر کانوٹس لیا

بدعنوان افسران کیخلاف کارروائی کی ہدایت، قائم مقام ایڈمنسٹریٹر نے روزنامہ ایکسپریس میں شایع خبر کانوٹس لیا فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے قائم مقام ایڈمنسٹریٹر شعیب احمد صدیقی نے روزنامہ ایکسپریس میں بدھ کو شایع ہونے والی اس خبر کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی گاڑیوں کی عدم دیکھ بھال، صفائی ستھرائی کیلیے خریدی گئی مشینری ناکارہ ہونے اور گاڑیوں کے اسکریپ میں تبدیل ہونے کے باوجود پٹرول اور ڈیزل جاری ہونے کی اطلاع پر سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر مکمل تحقیقات کی ہدایت کی ہے اور اس ضمن میں تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے۔

جس کے ارکان میں ڈائریکٹرجنرل ٹیکنیکل سروسز نیاز سومرو، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم اور چیف انجینئر، الیکٹریکل اینڈ میکینکل شفیع چاچڑ شامل ہیں اور اس کمیٹی کو یکم اگست تک اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے بلدیہ عظمیٰ کے سینئر افسران نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کے اس فیصلے سے پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس عمل سے بلدیہ عظمیٰ میں بے قاعدگیوں کو روکنے میں مدد ملے گی، افسران کہنا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کے ڈائریکٹر وہیکل سلمان شاکر کو 19 گریڈ میں خلاف ضابطہ ترقی دلانے کے لیے انتظامیہ کے بعض افسران مصروف ہیں اس سلسلے میں ڈائریکٹر پے رول پر شدید دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ وہ ڈائریکٹر وہیکل کی 19 گریڈ میں تنخواہ کو ایڈجسٹ کریں تاہم ڈائریکٹر پے رول نے اعلیٰ سطح سے ڈالے جانے والے دباؤ کو قبول کرنے سے انکار کردیا واضح طور پر یہ موقف اختیار کیا ہے کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے توہ غیرقانونی کام نہیں کریں گے کیونکہ سلمان شاکر کی ترقی کے لیے غیرقانونی طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے اور ان کی گریڈ 18 کی ترقی بھی مشکوک ہے ۔




ذرائع نے بتایا کہ اس غیرقانونی کام کو کرانے میں بلدیہ عظمیٰ کی انتظامیہ کے بعض افسران شامل ہیں بلدیہ عظمیٰ کے سینئر افسران نے ایڈمنسٹریٹر شعیب صدیقی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ڈائریکٹر وہیکل کی ترقی اور ان کی تنخواہ کو ایڈجسٹ کرانے کے لیے ڈائریکٹر پے رول کو دی جانے والی دھمکیوں کی تحقیقات کو بھی اسی تحقیقات کا حصہ بنائیں بلدیہ عظمیٰ کی طرف سے جاری کردہ اخباری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے سی این جی بس پروجیکٹ اور کروڑوں روپے مالیت کی سی این جی بسیں بس ٹرمینل پر خراب حالت میں کھڑے ہونے کی خبروں کا بھی سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکمے کو فوری طور پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے محکمہ وہیکل سے متعلق شائع ہونے والی خبروں کا بھی سخت نوٹس لیا ہے، انھوں نے تحقیقاتی کمیٹی کو ہدایت کی کہ یہ ایک حساس معاملہ ہے لہٰذا اس کی مکمل تحقیقات اور چھان بین کی جائے تاکہ جلد از جلد غفلت کے مرتکب افسران کا تعین کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔
Load Next Story