بلدیاتی آرڈیننس 1979 میں ترامیم کیلیے قائم کمیٹی کا اجلاس

اسمبلی میں نمائندگی نہ رکھنے والی سیاسی، مذہبی اور قوم پرست جماعتوں سے تجاویز طلب

اسمبلی میں نمائندگی نہ رکھنے والی سیاسی، مذہبی اور قوم پرست جماعتوں سے تجاویز طلب. فوٹو:فائل

سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈی ننس 1979 میں ترامیم کے لئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی طرف سے قائم کردہ 8 رکنی کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو چیف منسٹر ہائوس میں کمیٹی کے سربراہ وزیر قانون سندھ ڈاکٹر سکندر میندھرو کی صدارت میں منعقد ہوا۔

جس میں مذکورہ قانون میں بہتری لانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ دریں اثنا یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کمیٹی کی طرف سے سندھ اسمبلی میں نمائندگی نہ رکھنے والی سیاسی، مذہبی اور قوم پرست جماعتوں کو ایک خط ارسال کیا گیا ہے ، جس میں نئے بلدیاتی نظام سے متعلق ان کی تجاویز طلب کی گئی ہیں ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سندھ اسمبلی میں نمائندگی رکھنے والی سیاسی جماعتوں کی قیادت کو جمعے کو اسی نوعیت کا خط ارسال کیا جائے گا ، جس میں ان سے یہ درخواست کی جائے گی کہ 1979 کے قانون میں ترامیم کے لیے اسمبلی میں مشترکہ بل لایا جائے ۔




خط کے ساتھ انھیں مجوزہ ترامیم کا مسودہ بھی ارسال کیا جائے گا۔ اجلاس میں سینیئر وزیر تعلیم نثار کھوڑو ، وزیر ورکس اینڈ سروسز میر ہزار خان بجارانی، وزیر جیل خانہ جات منظور حسین، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے خزانہ سید مراد علی شاہ، سیکریٹری محکمہ بلدیات اور قائم مقام سیکریٹری محکمہ قانون نے شرکت کی ۔

Recommended Stories

Load Next Story