رجسٹریشن موٹر وہیکل وایڈوانس ٹیکس یکمشت لینے کا فیصلہ

1000 سی سی اور زائد پاور کی گاڑیوں پر 80 ہزار روپے تک ایڈوانس انکم ٹیکس لیا جائیگا

سرکلر جاری، وفاقی دارالحکومت وچاروں صوبوں کی رجسٹریشن اتھارٹیز کو آگاہ کردیا۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
وفاقی حکومت نے نئی رجسٹرڈ ہونے والی 1000 سی سی اور اس سے زائد کی گاڑیوں پر موٹر وہیکل ٹیکس کے ساتھ ساڑھے 7 ہزار روپے سے80 ہزار روپے فی گاڑی تک ایڈوانس انکم ٹیکس بھی یکمشت وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی طرف سے جاری کردہ سرکلر نمبر 4(234)ITP/2013 کے تحت وفاقی دارلحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں کی موٹر وہیکل رجسٹریشن اتھارٹیز کو آگاہ کیا گیا ہے کہ فنانس ایکٹ 2013 میں انکم ٹیکس آرڈیننس کی سیکشن 234 کے تحت نئی رجسٹرڈ ہونے والی گاڑیوں پر جہاں موٹر وہیکل ٹیکس یکمشت وصول کیا جائے گا وہاں ایڈوانس انکم ٹیکس بھی یکمشت وصول کیا جائے گا اور جن گاڑیوں پر موٹر وہیکل ٹیکس اقساط میں وصول کیا جائیگا ان گاڑیوں پر ایڈوانس انکم ٹیکس بھی اقساط میں وصول کیا جائیگا۔


سرکلر میں موٹر وہیکل رجسٹریشن اتھارٹی خیبر پختونخوا، موٹر وہیکل رجسٹریشن اتھارٹی بلوچستان، موٹر وہیکل رجسٹریشن اتھارٹی پنجاب، موٹر وہیکل رجسٹریشن اتھارٹی سندھ اور اسلام آباد موٹر وہیکل رجسٹریشن اتھارٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایسے لوگ جو پہلے سے رجسٹرڈ ہونگے اور اپنی گاڑی کے موٹر وہیکل ٹیکس کی کچھ اقساط پہلے جمع کراچکے ہیں اور باقی رقم یکمشت جمع کرانا چاہتے ہیں تو انکی باقی جمع کرائی جانے والی رقم کو یکمشت ادائیگی تصور نہیں کیا جائے گا اور ان رجسٹرڈ لوگوں سے ایڈوانس انکم ٹیکس بھی ان کی طرف سے جمع کرائی جانے والی موٹر وہیکل ٹیکس کی رقم کے مطابق وصول کیا جائیگا۔



سرکلر میں نئی رجسٹرڈ ہونے والی گاڑیوں کے لیے ایڈوانس انکم ٹیکس کی شرح کی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ نئی رجسٹرڈ ہونے والی 1000 سی سی تک کی گاڑیوں پر ساڑھے7 ہزار روپے، 1001 سے 1199 سی سی تک کی گاڑیوں پر ساڑھے 12 ہزار روپے، 1200 سے 1299 سی سی تک کی گاڑیوں پر ساڑھے 17 ہزار روپے،1300 سے1599 سی سی تک کی گاڑیوں پر 30 ہزار روپے، 1600 سے1999 سی سی تک کی گاڑیوں پر40 ہزار روپے جبکہ 2000 سی سی سے زائد پاور کی گاڑیوں پر یکمشت موٹر وہیکل ٹیکس کے ساتھ 80 ہزار روپے فی گاڑی کے حساب سے یکمشت ایڈوانس انکم ٹیکس بھی وصول کیا جائیگا۔ اس بارے میں ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی اور صوبائی موٹر وہیکل رجسٹریشن اتھارٹیز نئی رجسٹرڈ ہونے والی گاڑیوں پر رجسٹریشن کے موقع پر موٹروہیکل ٹیکس ساتھ ہی ایڈوانس انکم ٹیکس وصول کرکے ایف بی آر کو جمع کرائیں گی۔
Load Next Story