پشاور کا قدیم گور گٹھڑی دروازہ یادگار کے طور پر منتخب

پشاور: ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے گورگٹھڑی کے مغربی دروازہ کو پشاور کی یاد گارکے طور پر منظور کرکے پشاور کی ثقافت کوایک نئی پہچان دے دی۔

ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ بہت سیاح ہر سال پشاور سیر و تفریح کے لئے آتے ہیں اور بحالی امن کے بعد ان کی تعداد میں ہر روز گزرنے کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اب چونکہ پشاور شہر کو چین کے شہر ارمچی کا جڑواں شہر کا درجہ دے دیا گیا ہے اس لئے امید ہے کہ بہت سے چینی پشاور کی ثقافت، روایات اور تہذیب کو دیکھنے کے لئے آئیں گے، لہذا یہ انتہائی ضروری ہوگیا ہے کہ پشاور کی ایک یادگار بنائی جائے جسے سیاحت کیلئے آنے والوں کواعزازی طور پر پیش کیا جاسکے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس ضمن میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد سے رابطہ کیا اور گور گٹھڑی کے مغربی دروازے کو پشاور کی یادگارکے طور پر منتخب کیا۔ گورگٹھڑی کا علاقہ نہ صرف پشاور کا ایک قدیم مقام ہے بلکہ پشاور کی انتظامی تاریخ کے لحاظ سے بھی بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ سکھوں کے دور میں یہ گورنر کی عدالت ہوا کرتی تھی اور ڈپٹی کمشنر کا دفتر بھی کچھ عرصہ کیلئے برطانوی اقتدار میں قائم رہا۔