سیشن جج وزیرستان کو مسلح افراد نے اغوا کر کے گاڑی نذر آتش کردی

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 اپريل 2024
فوٹو فائل

فوٹو فائل

ڈیرہ اسماعیل خان: وزیرستان میں تعینات سیشن جج شاکر اللہ مروت کو نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا جبکہ وزیراعلیٰ نے نوٹس لے کر آئی جی کو بازیاب کرانے کی ہدایت جاری کردی۔

تفصیلات کے مطابق سیشن جج وزیرستان کو ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے سنگم سے نامعلوم افراد نے اسلحے کے زور پر اغوا کیا اور اپنے ہمراہ لے گئے۔

پولیس کے مطابق اغوا کاروں نے سیکیورٹی گارڈ کو رہا کر کے جج کی گاڑی کو نذر آتش کردیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کے اعلی حکام موقع پر پہنچے اور داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کردی۔

دوسری جانب سیشن جج کے مبینہ اغواء پر پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی کا رد عمل دیتے ہوئے کا کہا کہ ٹانک کے قریب سیشن جج وزیرستان کا اغواء انتہائی افسوس ناک اور تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بتائیں کہ وہ قیام امن میں کیوں سنجیدہ نہیں اور دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں، میڈیا پر سیشن جج وزیرستان شاکر مروت کے اغواء کی خبروں نے عوامی عدم تحفظ کے احساس میں اضافہ کیا ہے۔

اُدھر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے سیشن جج کے اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس کو مبینہ طور پر مغوی جج کی بحفاظت بازیابی کے لئے اقدامات کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جج کو بازیاب کرانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں اور اس مقصد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

علی امین گنڈا پور نے جج کے اغوا کو قابل مذمت اور افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے، صوبائی حکومت جج کی بازیابی کے لئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے گی۔

جج کے اغوا پر چیف سیکریٹری، آئی جی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری پشاور ہائیکورٹ طلب

سیشن کے جج کے اغوا پر پشاور ہائیکورٹ نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، آئی جی پولیس اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کو ہائیکورٹ میں طلب کر کے  بازیابی کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھانے کاحکم دیا۔

سیشن جج کے مبینہ اغوا پر رجسٹرار پشاورہائیکورٹ کیجانب سے تیارکردہ نوٹ پر پشاورہائیکورٹ کے تین سینئر ججز  چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم ،جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ  نے متعلقہ حکام کو طلب کیا۔

سینئر ججز کی طلبی پر آئی جی پولیس اخترحیات خان اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم عابد مجید  پیش ہوئے اور واقعہ پر فوری پیش رفت سے متعلق ججز  کو آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ  سیشن جج کی بازیابی کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں اور واقعہ کے رپورٹ ہونے کے بعد متعلقہ آرپی او اورکمشنرکیساتھ ساتھ وہاں  پر موجود  دیگر  سیکیورٹی  ادارو ں، ڈی پی اوز سے بھی ایمرجنسی بنیادوں پر رابطہ کیا گیا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری عابد مجید سیشن جج کی بازیابی کیلئے فوری اقدامات اٹھانے اور لمحہ بہ لمحہ رپورٹ متعلقہ حکام کو دینے کی ہدایت کی، ہائیکورٹ کے سینئر ججز نے قراردیا کہ یہ ایک حساس معاملہ ہے لہذا سیشن جج کی بازیابی یقینی بنائی جائے۔

عابد مجید نے یقین دہانی کرائی کہ سیشن جج کے اغواک ے بعد وہ ان تمام امور کو خود مانیٹرکررہے ہیں جبکہ سینئر ججز نے کہا کہ ججز کو سیکیورٹی فراہم کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔