فکسنگ اسکینڈل میں مزید 2 بنگلہ دیشی کرکٹرز ملوث

عید آرام سے گزارنے کا موقع مل گیا، اینٹی کرپشن یونٹ 12 اگست کے بعدرپورٹ دے گا

عید آرام سے گزارنے کا موقع مل گیا، اینٹی کرپشن یونٹ 12 اگست کے بعدرپورٹ دے گا۔ فوٹو: وکی پیڈیا/فائل

بی پی ایل فکسنگ اسکینڈل میں ملوث کرکٹرز کو عید آرام سے گزارنے کا موقع مل گیا۔

آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ 12 اگست کے بعد اپنی تحقیقاتی رپورٹ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو دے گا، 2 مزید کھلاڑیوں کے ملوث ہونے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق بی سی بی نے اینٹی کرپشن و سیکیورٹی یونٹ سے کہا کہ وہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ سے متعلق اپنی تحقیقاتی رپورٹ عید کے بعد بورڈ کو حوالے کرے ، اب یہ 12 اگست کے بعد ہی سامنے آئیگی، اس میں 2 مزید کھلاڑیوں کے نام سامنے آنے کا امکان موجود ہے تاہم نئی ڈیڈ لائن کی وجہ سے وہ عید آرام سے گزار سکیں گے۔ بی سی بی کے صدر نظم الحسن کا کہنا ہے کہ مجھے معلوم تھا کہ رپورٹ 5 اگست تک مکمل ہوجائیگی۔




اے سی ایس یو کی جانب سے اسے ہمیں 8 یا 9 اگست کو دیا جانا تھا لیکن میں نے انھیں کہا کہ وہ یہ رپورٹ عید الفطر کی چھٹیوں کے بعد دیں،اب یہ ہمیں 12 یا پھر 13 اگست کو ملے گی، میں نے اس کیس کے حوالے سے جن 2 پلیئرز کے نام اخبارات میں پڑھے ان کے بارے میں کچھ غیرسرکاری طور پر بھی سنا لیکن اس میں کسی اشرفل جیسے بڑے لیول کے کھلاڑی کے شامل ہونے کا امکان نہیں لگتا۔

نظم الحسن فکسنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کرنے والے اپنے ملک کے سابق کپتان محمداشرفل کے بارے میں بھی ہمدردی کے جذبات رکھتے ہیں،ان کی خواہش ہے کہ چونکہ اشرفل اپنی غلطی تسلیم کرچکے اور تحقیقات میں بھی تعاون کیا اس لیے اینٹی کرپشن و سیکیورٹی یونٹ کو ان کے بارے میں رعایت برتنی چاہیے۔
Load Next Story