بدلتی سیاسی صورتحال پر پارٹی میں مشاورت کرینگےاویس مظفر

آج بھی ہمارے دروازے سب کیلیے کھلے ہیں اور ایم کیو ایم کے ساتھ ہمارے تعلقات بہت اچھے رہے ہیں، صوبائی وزیر بلدیات

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سندھ کے وزیر بلدیات و صحت سید اویس مظفر نے کہا ہے کہ سندھ کی تبدیل ہوتی ہوئی سیاسی صورت حال پر پارٹی کے رہنماؤں سے مشاورت کے بعد آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائیگی ۔

ہفتے کو لندن سے پیپلز پارٹی کے مختلف رہنماؤں کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے ایم کیو ایم کی طرف سے صدارتی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی حمایت کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ میں منگل کو واپس کراچی آ رہا ہوں ، جس کے بعد اس نئی صورت حال پر پارٹی رہنماؤں سے وسیع تر مشاورت کی جائے گی ۔ اویس مظفر نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کا اپنا منشور اور اپنا پروگرام ہوتا ہے ۔ ہم نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی مفاہمت کی پالیسی کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کو ترجیح دی ہے ۔ آج بھی ہمارے دروازے تمام سیاسی جماعتوں کے لیے کھلے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ ہمارے تعلقات بہت اچھے رہے ہیں۔ہماری مفاہمت کی پالیسی اب بھی جاری رہے گی ۔




انھوں نے کہا کہ صدارتی انتخاب کے طریقہ کار پر اختلاف کے باعث پیپلز پارٹی نے یہ بائیکاٹ کا جمہوری راستہ اختیار کیا۔ ملک میں جمہوریت کی بحالی اور وفاق پاکستان کے استحکام کے لیے پیپلز پارٹی کے قائدین نے بڑی قربانیاں دی ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی رہنما ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں اور کسی قیاس آرائی کا شکار نہ ہوں ۔ہم نے کبھی کسی سیاسی جماعت کے لیے دروازے بند نہیں کیے، اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے۔ دریں اثناء سید اویس مظفر نے ٹھٹھہ کے سینئر صحافی عباس جلبانی کے صاحبزادے رفیق جلبانی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ ، ڈی آئی جی حیدرآباد ، ڈی سی ٹھٹھہ اور دیگر حکام سے فون پر بات کی اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ۔ انھوں نے کہا کہ مجرموں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ۔
Load Next Story