ملیریا کنٹرول پروگرام کا عملہ ڈنگی سیل کے حوالے کردیا گیا

ڈنگی سے بچاؤ کے اقدامات کے تحت اضلاع کو اسپرے مشین دی جائیں گی

اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی میں ہنگامی بنیادوں پر جراثیم کش اسپرے مہم شروع کی جائے گی۔ فوٹو: فائل

صوبائی محکمہ صحت نے ملیریا کنٹرول پروگرام کے تمام عملے کوانسدادڈنگی سیل میں کام کرنے کی ہدایت جاری کردیں اورکہا ہے کہ کراچی سمیت اندورن سندھ میں ڈنگی وائرس کاموسم شروع ہوگیا ہے۔

ملیریا کنٹرول پروگرام کااسپرے سمیت دیگر عملہ بھی ڈنگی سیل کے ساتھ کام کریگا، ملیریاکنٹرول پروگرام کے عملے کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ وہ ای ڈی اوہیلتھ کراچی کو فوری رپورٹ کریں، یہ بات پیرکوصوبائی سیکریٹری صحت جام انعام اللہ دھاریجوکی سربراہی میں منعقد ہونے والے اجلاس میں کہی گئی، اجلاس میں کمشنر کراچی شعیب صدیقی، ڈنگی سرویلنس سیل کے سربراہ ڈاکٹر شکیل ملک ، ملیریا کنٹرول پروگرام کی ڈاکٹر ناہید جمالی، ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹر اشفاق میمن، ایڈیشنل سیکریٹریز، ای ڈی او ہیلتھ کراچی ڈاکٹر امداد اللہ صدیقی سمیت دیگرافسران نے شرکت کی، اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی میں ہنگامی بنیادوں پر جراثیم کش اسپرے مہم شروع کی جائے گی اوراس سلسلے میں کراچی کے پانچوں اضلاع میں مخصوص مشین (ایل وی) بھی فراہم کی جائے گی۔




ڈنگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں شدت سے اضافہ ہورہا ہے، اجلاس میں گلشن اقبال، نارتھ کراچی، گڈاپ، اورنگی ٹاؤن کو ہائی رسک ایریا قراردیاگیا اورکہا گیا ہے کہ کراچی میں ڈنگی وائرس اور ملیریا کا سبب بننے والے مچھروں کے خاتمے کیلیے بھرپور اسپرے مہم چلائے جائے گی۔

اجلاس میں ماہرین نے بتایا کہ عوام میں آگاہی مہم شروع کرنے کیلیے بڑے پیمانے پر پوسٹر، بینرز اور اہم شاہراہوں پرہوڈنگ بورڈ بھی آویزاں کیے جائیں گے، اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈنگی امسال شدت سے رپورٹ ہونے کے خدشات موجود ہیں کیونکہ ڈنگی وائرس 8 سال سے مسلسل رپورٹ ہورہا ہے اور بتدریج اضافہ ہورہا ہے، سیکریٹری صحت نے ہدایت دی کہ متاثرہ مریضوں کوپلیٹ لیٹ کی فراہمی کیلیے تمام اقدامات کیے جائیں، انھوں نے کہا کہ اسکولوں میں بھی بچوں میں آگاہی کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں، اس سلسلے میں محکمہ تعلیم سے بھی رابطہ کیاجائے گا۔
Load Next Story