ایف بی آر کی بورڈ ان کونسل نے تبادلوں کی نئی پالیسی منظور کرلی

گریڈ 1 تا 16 کے ملازمین کی تقرری و تبادلوں کے اختیارات چیف کمشنرز و کلکٹرز کے پاس ہونگے

17سے گریڈ 20 کے افسران کا تبادلہ لائن ممبرز، گریڈ 21 کے افسرکی تقرری چیئرمین کا اختیار ہو گی فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی بورڈ ان کونسل نے ایف بی آر اور اس کے ماتحت اداروں میں گریڈ 1 تا 21 کے ملازمین و افسران کی تقرریوں و تبادلوں کی نئی پالیسی کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت گریڈ 1 تا 16 کے ملازمین کی تقرری و تبادلوں کے اختیارات متعلقہ چیف کمشنرز اور چیف کلکٹرز کے پاس ہوں گے۔

اس ضمن میں ''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق چیئرمین ایف بی آر کی زیر صدارت ہونے والے ایف بی آر کی بورڈ ان کونسل کے اجلاس میں تمام ممبران نے متفقہ طور پر ملازمین و افسران کی تقرریوں و تبادلوں کی نئی پالیسی کی منظوری دی۔


دستاویز میں بتایا گیا کہ اجلاس کے دوران بورڈ ان کونسل کے تمام ممبران نے ملازمین و افسران کی تقرریوں وتبادلوں کے موجودہ میکنزم پر اعتراض اٹھایا تھا اور موقف اختیار کیا تھا کہ اگر ٹیکس وصولیوں کے اہداف کے حصول میں ناکامی و کامیابی کا ذمے دار فیلڈ فارمشنز کے سربراہان کو قرار دینا ہے تو ضروری ہے کہ فیلڈ فارمشنز کے سربراہان کو فیلڈ آفسز میں اپنی مرضی کے مطابق افسران و ملازمین کی تقرریوں کے بھی اختیارات دیے جائیں تاکہ ٹیکس وصولیوں کے اہداف کے حصول کے لیے وہ اپنی مرضی سے اور ضرورت کے مطابق فیلڈ افسران و ملازمین کو تعینات کرسکیں اور فیلڈ آفسز میں بھی ٹیم ورک کے طور پر کام کو فروغ دیا جا سکے۔



دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ممبران کے مذکورہ موقف سے اتفاق کرتے ہوئے بورڈ ان کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ گریڈ 1 تا 16 کے ملازمین کی تقرریوں و تبادلوں کی نئی پالیسی کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت گریڈ 1 تا 16 کے ملازمین کی تقرری و تبادلوں کے اختیارات متعلقہ چیف کمشنرز اور چیف کلکٹرز کے پاس ہونگے لیکن گریڈ 17 سے 20 کے افسران کی تقرریوں وتبادلے کے اختیارات متعلقہ لائن ممبران کے پاس ہوں گے تاہم اس کے لیے متعلقہ لائن ممبران کو ممبر ایڈمن کے ساتھ مشاورت کرنا ہوگی اور اگر کسی افسر کی تقرری و تبادلے کے بارے میں ممبر ایڈمن اور متعلقہ لائن ممبر کے درمیان اختلافات ہوں گے تو اس افسر کی تقرری و تبادلے کا فیصلہ چیئرمین ایف بی آر کریں گے جبکہ گریڈ 21کے افسران کی تقرری و تبادلے کے اختیارات چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے پاس ہوں گے۔
Load Next Story