اضافی فیسوں کا معاملہ کراچی گرامر و دیگراسکولوں کونوٹس جاری

عدالتی احکام پرعمل کی رپورٹ 25فروری تک جمع کرائی جائے،ڈی جی پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز

عدالتی احکام پرعمل کی رپورٹ 25فروری تک جمع کرائی جائے،ڈی جی پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز۔ فوٹو: فائل

صوبائی محکمہ اسکول ایجوکیشن کے ذیلی ادارے ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزسندھ نے کراچی کے معروف نجی اسکولوں کوسپریم کورٹ کے '' اضافی فیسوں کی واپسی کے دیے گئے احکامات'' پرعملدرآمد کے حوالے سے نوٹسزجاری کیے ہیں اور بااثر نجی اسکول کراچی گرامراورسی اے ایس اسکول ڈیفنس کوگزشتہ کئی برسوں میں پہلی بارنوٹس جاری کیاگیاہے۔

کراچی گرامرکے کلفٹن اورصدرمیں واقع دونوں کیمپسز کو نوٹسز جاری ہوئے ہیں جبکہ دیگرنجی اسکولوں میں برٹش اوورسیزاسکول ڈی ایچ اے ،نکسراسکول ڈی ایچ اے، اکیڈمیاسویتاز، سولائزیشن، رفلیکشن، کریک اسکول کونوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے رپورٹ طلب کی گئی ہے اوران سے کہاگیاہے کہ وہ فیسوں کے حوالے سے عدالتی احکامات پرعملدرآمد کی رپورٹ 25فروری تک جمع کرادیں بصورت دیگران کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی۔

ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزسندھ منسوب صدیقی کی جانب سے جاری نوٹس اوراعلامیے میں کہاگیاہے کہ یہ اسکول رجسٹریشن کی تجدید کرائیں بصورت دیگررولز کے مطابق 500روپے یومیہ جرمانہ عائد اور6 ماہ سے ایک سال کی قید کی سزا دی جائے گی اورخطوط میں دی گئی مدت کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔


اپنے اعلامیے میں ڈائریکٹرجنرل پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزسندھ منسوب صدیقی نے تمام نجی تعلیمی اداروں کوجوطلبہ سے 5ہزارروپے ماہانہ سے زائد فیس وصول کررہے ہیں انھیں ایک بار پھر ہدایت جاری کی ہے کہ ایسے تمام نجی اسکول سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق فوری طورپرپانچ ہزارسے زائد رقم کا20 فیصد کم کرکے فیس وصول کریں ایسے اسکول جن کی فیس 5ہزارسے زائد ہے جون جولائی 2018وصول کردہ فیس میں سے ایک ماہ کی فیس والدین کوواپس کریں یاآئندہ ماہ کی فیس میں ایڈجسٹ کریں جبکہ کوئی بھی ادارہ ایک ماہ سے زائد ٹیوشن فیس ایک ساتھ وصول نہیں کرسکتا۔

اس سلسلے میں تمام ''اواوراے لیول''اسکولوں اورپانچ ہزار سے زائد فیس لینے والے اسکولوں کوایک موقع اورفراہم کیاگیاہے کہ وہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کی رپورٹ 25فروری تک ڈائریکٹوریٹ میں جمع کرادیں۔

 
Load Next Story