نواب شاہ بس اور وین میں تصادم7افراد جاں بحق 20زخمی

حادثہ بائی پاس پر پیش آیا، پی ایم سی اسپتال میں ایمرجنسی نافذ، ٹریفک سارجنٹ اور تھانیدار معطل

منگل کے روز نواب شاہ بائی پاس پر پٹرول پمپ کے قریب کراچی سے بنوں جانے والی مسافر بس تیز رفتار وین سے ٹکرا گئی۔ فوٹو: فائل

نواب شاہ بائی پاس پر خوفناک حادثہ، کراچی سے بنوں جانے والی تیز رفتار مسافر بس وین سے ٹکرا گئی۔

وین تباہ بچی اور خاتون سمیت 7 افراد جاں بحق، 20 افراد شدید زخمی ہوگئے 5کی حالت نازک ، حادثے کی اطلاع پر ایدھی کی ایمولینس پہنچ گئیں، زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، پی ایم سی اسپتال میں ایمرجنسی نافذ، ڈاکٹرز اور دیگر عملہ طلب، ٹریفک سارجنٹ اور ایس ایچ او معطل۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز نواب شاہ بائی پاس پر پٹرول پمپ کے قریب کراچی سے بنوں جانے والی مسافر بس تیز رفتار وین سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں وین تباہ ہوگئی اور اس میں سوار 7 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔




جن میں 8 سالہ بچی صائقہ، 40سالہ خاتون فرید، 70 سالہ مولوی حنیف قریشی، گھوٹکی کا رہائشی نواز علی شاہ جبکہ نواب شاہ کے رہائشی حت علی چانڈیو، حاکم علی اور زاہد حسین شامل ہیں جبکہ 20 مسافر شدید زخمی ہوگئے جن میں عصمت اللہ، گلاب شاہ، رحیم اللہ، خانزادہ، حکیم گل، مہرجان خاتون، سمینہ، محمدریاض، امید علی، عرفان شاہ، ارشد غوری، عاشق کلیار ودیگر شامل ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملنے کے باوجود تعلقہ پولیس نہیں پہنچی جبکہ پیپلز میڈیکل کالج اسپتال اور ایدھی کی ایمبولینسیں جائے حادثہ پہنچیں اور زخمیوں کو پی ایم سی اسپتال منتقل کیا ۔

حادثے کی اطلاع پر ڈی ایس پی سٹی اعجاز ترین پولیس اہلکاروں کے ہمراہ فوری طور پر پی ایم سی اسپتال پہنچے جہاں پولیس اہلکاروں اور شہریوں نے زخمیوں کو خون کا عطیہ دیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ہاشم لانگاہ نے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹرز اور دیگر عملے کو طلب کر لیا اور خود شعبہ حادثات پہنچ گئے۔ دوسری جانب ایس ایس پی نواب شاہ جاوید جسکانی نے حادثے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ٹریفک سارجنٹ حمید جلبانی اور پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او علی نواز ملاح کو معطل کر دیا۔ جائے حادثہ پر موجود افراد نے میڈیا کو بتایا کہ حادثہ وین ڈرائیور کی غلطی سے پیش آیا، وین بہتتیزی کے ساتھ جارہی تھی اور بریک بھی نہیں لگائے جس کی وجہ سے بس سے ٹکرا گئی، حادثے کے بعد وین اور کوچ ڈرائیور فرار ہوگئے۔
Load Next Story