حضرت علی ؓ کا یوم شہادت آج عقیدت و احترام سے منایا جائیگا

مرکزی مجلس نشتر پارک میں ہوگی جس سے علامہ طالب جوہری خطاب کرینگے، بعد ختم مجلس مرکزی جلوس برآمد ہوگا

یوم علیؓ کے موقع پر جلوس کے راستے میں آنے والی سڑکوں پر کنٹینر لگادیے گئے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

حضرت علیؓ کا یوم شہادت آج (بدھ) نہایت عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔

شہر بھر میں مجالس عزا منعقد ہوں گی، مرکزی مجلس نشترپارک میں صبح دس بجے ہوگی جس سے ممتاز عالم دین علامہ طالب جوہری خطاب کریں گے، بعد ختم مجلس نشترپارک سے جلوس علم و تابوت برآمد ہوگا جس کی قیادت بوتراب اسکاؤٹس کریں گے، مرکزی جلوس کے شرکا نماز ظہرین ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا کے سامنے ادا کریں گے جس کا اہتمام آئی ایس او کرے گی، مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں پرانی نمائش، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، تبت سینٹر،جامع کلاتھ، ڈینسوہال، لائٹ ہاؤس، سٹی کورٹ سے ہوتا ہوا حسینیاں ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔

اس موقع پر نشترپارک، پرانی نمائش اور اس کے اطراف استقبالیہ و طبی کیمپ اور پانی و شربت کی سبیلیں لگائی جائیں گی، اس موقع پر انتظامیہ نے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں اور شہر کے تمام حساس مقامات خصوصاً مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف پولیس و رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات کیا جائے گا، علاوہ ازیں اسکاؤٹس رابطہ کونسل کا اجلاس سردار حسین کی صدارت میں ہوا جس میں مرکزی جلوس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور بتایا گیا کہ شرکا جلوس اپنے مخصوص راستوں سے جلوس میں داخل ہونگے جبکہ بغیراسٹیکر کے کوئی بھی گاڑی جلوس میں شامل نہیں ہوگی،علاوہ ازیں ٹریفک پولیس نے یوم علیؓ کے مرکزی جلوس کے سلسلے میں شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستوں کا اعلان کردیا ہے۔




کسی بھی گاڑی کو جلوس کے راستے میں پارکنگ کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ بغیر اسٹیکر والی گاڑیوں کو جلوس میں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تفصیلات کے مطابق حضرت علیؓ کے یوم شہادت کے موقع پر مرکزی جلوس جیسے ہی نشتر پارک سے روانہ ہو گا تو تمام ٹریفک کو ایم اے جناح روڈ/ ڈاکٹر داؤد پوتہ روڈ (فریئر چوک) سے فوری طور پر بہادر یار جنگ روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا، تمام ٹریفک جو کہ ناظم آباد کی جانب سے آئے گا اسے نشتر روڈ گارڈن کی جانب لسبیلہ چوک سے موڑ دیا جائے گا، لیاقت آباد کی طرف سے آنے والے ٹریفک کو سینٹرل جیل کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

جب جلوس کا اگلا سرا ایم اے جناح روڈ ، منسفیلڈ اسٹریٹ پر پہنچے گا تو ٹریفک فاطمہ جناح روڈ سے ہوتا ہوا آئی آئی چند یگر روڈ کی جانب جائے گا، اسٹیڈیم روڈ کی طرف سے آنے والے ٹریفک کو کشمیر روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا، سپر ہائی وے سے آنے والے ٹریفک کو ڈاکخانہ چورنگی سے ناظم آباد چورنگی نمبر ایک کی طرف موڑ دیا جائے گا، عوام الناس سے درخواست کی گئی ہے کہ زحمت سے بچنے کے لیے آج ایم اے جناح روڈ کا استعمال کم سے کم کیا جائے۔
Load Next Story