وجیہہ الدین کو ایک اضافی ووٹ کس رکن سندھ اسمبلی کا ملا

ن لیگ، متحدہ اور فنکشنل لیگ کے ارکان ایک دوسرے سے یہی سوال کرتے رہے

ایم کیو ایم کے ساتھ الائنس نہیں ہوا،اتحاد ہوتا تورد عمل کااظہار کرتے،عرفان مروت فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار جسٹس(ر) وجیہہ الدین احمد کو ایک اضافی ووٹ کس رکن سندھ اسمبلی کا ملا؟

یہ ایک ایسا سوال تھا جو مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں متحدہ قومی موومنٹ اور مسلم لیگ (فنکشنل) کے ارکان ایک دوسرے سے کرتے رہے کیونکہ ان تینوں جماعتوں نے مسلم لیگ (ن) کے صدارتی امیدوار ممنون حسین کو ووٹ دینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن ان کے ایک رکن نے اس فیصلے سے انحراف کیا، اس رکن کا تعلق یقینی طور پر مذکورہ تینوں جماعتوں میں سے کسی ایک جماعت کے ساتھ ہوگا، جب تک اس رکن کی نشاندہی نہیں ہوگی تب تک تینوں جماعتوں میں ایک دوسرے کے لیے شک و شبہات رہیں گے۔

منگل کو پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد جب صحافیوں نے سندھ اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر عرفان اللہ خان مروت سے سوال کیا کہ منحر ف ہونے والا یہ رکن کون ہے تو انھوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ کس رکن نے ہمارے امیدوار کو ووٹ نہیں دیا۔




یہ اللہ جانتا ہے کہ اس نے ووٹ کیوں نہیں دیا ، تاہم میں نے ممنون حسین کو ووٹ دیاہے ،اسی سوال پر پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی سید حفیظ الدین نے کہا کہ آج کے صدارتی انتخابات کی ووٹنگ میں ایک باضمیر شخص نے تحریک انصاف کے امیدوار کو ووٹ دیکر ثابت کردیا ہے کہ تحریک انصاف ووٹوں کے بل پر ہی اس ملک پر راج کرے گی، ہم ایسے تمام باضمیر ارکان اسمبلی کو تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی میں بارہویں صدارتی انتخابات کے نتائج کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر عرفان اللہ خان مروت نے کہا ہے کہ ہم متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور مسلم لیگ (فنکشنل) کے تمام ارکان کے شکرگزار ہیں کہ انھوں نے (ن) لیگ کے صدارتی امیدوار ممنون حسین کو ووٹ دیا.

ایم کیو ایم کے ساتھ صرف صدارتی ووٹ تک کی ہی بات ہوئی،انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ وفاق یا صوبے میں کوئی الائنس نہیں ہوا ہے، اگر الائنس ہوا تو ہم اپنے رد و عمل کا ضرور اظہار کریں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کے رکن سندھ اسمبلی امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (فنکشنل) نے پیر صاحب پگارا کی ہدایت پر ممنون حسین کو ووٹ دیا، سندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا متحدہ قومی موومنٹ سے بات چیت کرنے پر مسلم لیگ فنکشنل کو کوئی تحفظات نہیں تاہم مسلم لیگ (ن) فنکشنل سے مشورہ کرتی تو اچھا ہوتا، تحریک انصاف کی رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سیما ضیا نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اصولوں پر کھڑی ہے، سابق وزیر اعلیٰ سندھ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا ہے کہ 1985ء سے لے کر اب تک سیاسی جماعتوں کے رہنما متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم) کے مرکز نائن زیرو آتے جاتے رہے ہیں،مسلم لیگ (ن) کے لوگ اگر نائن زیرو چلے گئے تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں،۔
Load Next Story