بنگلہ دیش ہاکی فیڈریشن نے نوید عالم سے معافی مانگ لی

کیمپ میں زبردستی خلل ڈالنے اور کوچ پر حملہ کرنے والوں کو سزا سنادی، نائب صدر

کیمپ میں زبردستی خلل ڈالنے اور کوچ پر حملہ کرنے والوں کو سزا سنادی، نائب صدر۔ فوٹو: فائل

بنگلہ دیش ہاکی فیڈریشن نے کیمپ میں ناروا سلوک پر کوچ نوید عالم سے معافی مانگ لی،نائب صدر عبدالصادق نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم ہنگاموں کی شدید مذمت کرتے اور پاکستانی کوچ سے معذرت خواہ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بپّی پر تاحیات پابندی لگائی گئی جبکہ دیگر دوسرے سابق کھلاڑیوں پرنس، عاشق، چندن اور توہن کو5،5 برس پابندی کا سامنا ہے، ان تمام نے قومی ٹیم کے کیمپ میں زبردستی خلل ڈالنے کے ساتھ کوچ پر حملہ اور پلیئرز کو کیمپ سے چلے جانے کیلیے کہا تھا۔ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے کنٹرول کے بعد پلیئرز کو حفاظت کی یقین دہانی پر اسٹیڈیم کی حدود میں ہی ٹھہرایا گیا۔

نائب صدر بی ایچ ایف عبدالرشید شکدار کا کہنا ہے کہ ہم نے کبھی ایچ پی ڈبلیو ارکان کو پلیئرز کی فلاح کیلیے کوئی کام کرتے ہوئے نہیں دیکھا، اس کی جگہ وہ ہمیشہ اقتدار میں آنے کی منصوبہ بندی کرتے رہتے تھے، بپّی اور پرنس نے کھندوکار جمیل کی منتخب کمیٹی کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایچ پی ڈبلیو اے کی مسلسل مداخلت کی وجہ سے ایشیا کپ کے لیے جاری تیاریوں میں کبھی تیزی دیکھنے میں نہیں آئی۔




انٹر کلب پلیئرز ٹرانسفر کے بارے میں سوال پر عبدالرشید نے کہا کہ ایشیا کپ سے قبل ایسا ممکن نہیں، البتہ ہم ایسے کلبز کو سمجھانے کی کوشش کررہے ہیں جنھوں نے ٹرانسفرز کے معاملے پر حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا۔ دریں اثنا بپّی نے کہا کہ مجھ پر تا حیات پابندی ہاکی اور پلیئرز کے مفادات کیلیے آواز اٹھانے پر لگائی گئی، اگر مجھ پر تاحیات پابندی لگائی گئی تو جمی کو دھمکی آمیز ایس ایم ایس بھیجنے پر ڈولون کو تو پھانسی پر چڑھا دینا چاہیے۔

پرنس نے کہا کہ معطلی کوئی حیران کن بات نہیں، میں سمجھتا ہوں کہ بی ایچ ایف کو مجھ پر بھی تاحیات پابندی لگانا چاہیے تھی، یہ ہمیں پریشان کرنے کیلیے پہلے سے تیار کردہ منصوبہ ہے۔ علاوہ ازیں نیشنل ٹیم کوچ نوید عالم اپنے پلیئرز کی کیمپ میں واپسی پر خوش ہیں، انھوں نے کہا کہگراؤنڈ میں کھلاڑیوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی، ایشیا کپ کی تیاری کیلیے لگائے گئے کیمپ میں کسی بھی شخص کی مداخلت سے کوئی مدد نہیں مل سکتی ہے۔
Load Next Story