اسٹیل ملز ملازمین کو عید سے قبل ایک تنخواہ دینے کا فیصلہ

مزدوروں کومئی کی آدھی تنخواہ کے ساتھ جون کی نصف سیلری بھی دی جائیگی

پیرتک پیشرفت متوقع،افسران کوتنخواہوں کی ادائیگی کا فیصلہ نہیں کیا گیا، ذرائع فوٹو: فائل

پاکستان اسٹیل ملز حکام نے ڈھائی ماہ سے تنخواہوں کے منتظر ملازمین کو عید الفطر سے قبل ایک ماہ کی تنخواہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

تاہم ایک ماہ کی تنخواہ کی ادائیگی صرف مزدوروں کو کی جائیگی جبکہ ادارے کے افسران کو فی الحال تنخواہوں کی ادائیگی کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ پاکستان اسٹیل ملز کے ذرائع کے مطابق مزدوروں کو ایک ماہ کی تنخواہ کی ادائیگی کا فیصلہ قائم مقام سی ای او سعادت چیمہ کی ہدایات پر کیا گیا ہے کیونکہ ادارے کے 10ہزار مزدور ڈھائی ماہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مزدوروں کو مئی کی بقیہ آدھی تنخواہ کے ساتھ جون کی آدھی تنخواہ ملا کر ادا کی جائیگی جبکہ جون کی آدھی اور جولائی کے پورے ماہ کی تنخواہ ادارے پر واجب الادا رہے گی۔




پاکستان اسٹیل کے ذرائع نے بتایاکہ اس ضمن میں پیر تک پیشرفت متوقع ہے اور مزدوروں کو آئندہ ہفتے تک ایک ماہ کی تنخواہ کی ادائیگی یقینی بنائی جائیگی۔ دریں اثناء پاکستان اسٹیل مل کے افسران نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدوروں کے ساتھ ساتھ افسران کو بھی تنخواہ کی ادائیگی کی جانی چاہیے کیونکہ عید کی آمد کے باعث وہ بھی شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں جبکہ ڈھائی ماہ سے تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے افسران کے مالی حالات بھی مزدوروں سے کم نہیں ہیں۔
Load Next Story