پی ای سی ایچ سوسائٹی ڈاکوؤں نے بینک سے 22 لاکھ روپے لوٹ لیے

سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے، پولیس نے فوٹیج حاصل کر لی،7 نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا

سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ کر لگتا ہے کہ ملزمان اس سے قبل بھی اسی بینک میں ڈکیتی کی واردات کرچکے ہیں، ڈی ایس پی شفقت چانڈیو فوٹو: فائل

KARACHI:
پی ای سی ایچ سوسائٹی E مارکیٹ میں نجی بینک سے ملزمان 22 لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹ کر فرار ہو گئے ۔

پولیس نے ملزمان کی فوٹیج حاصل کر لی ، فوٹیج دیکھ کر لگتا ہے ملزمان اس سے قبل بھی اس بینک میں ڈکیتی کی واردات کر کے گئے تھے،تفصیلات کے مطابق ٹیپو سلطان تھانے کی حدود محمود آباد ای مارکیٹ میں واقع نجی بینک سے مسلح ملزمان21 لاکھ 96 ہزار 800 روپے لوٹ کر فرار ہو گئے، ایس ڈی پی او فیروز آباد ڈی ایس پی شفقت چانڈیو نے ایکسپریس کو بتایا کہ موٹر سائیکلوں پر آنے والے 7 ملزمان بینک میں 11 بجکر40 منٹ پر بینک میں داخل ہوئے اور چند منٹوں میں کیشیئر سے رقم لے کر ایک بیگ میں رکھ کر ملزمان فرار ہو گئے۔




انھوں نے بتایا کہ ملزمان فرار ہوتے ہوئے بینک میں موجود 2 سیکیورٹی گارڈز عبد الرشید اور عباس کا رپیٹر اور ایک پستول اپنے ساتھ لے گئے ، واقعے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور بینک میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کے فوٹیج قبضے میں لے لی ، ڈی ایس پی شفقت چانڈیو نے بتایا کہ سی فوٹیج دیکھ کر پتہ چلا کہ بینک میں ڈکیتی کرنیوالے ملزمان اس سے قبل بھی مذکورہ بینک میں ڈکیتی کی واردات کر چکے ہیں۔

واضح رہے 8 فروری کو 12 بجکر50 منٹ پر مذکورہ نجی بینک سے6 ڈاکو 14 لاکھ 32 ہزار 830 روپے لوٹ کرلے گئے تھےجس کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، ٹیپو سلطان پولیس نے جمعہ کو ہونے والی بینک ڈکیتی کا مقدمہ الزام نمبر 190/13 بینک کے آپریشنل منیجر شکیل الدین کی مدعیت میں 7 نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا ہے۔
Load Next Story