پاک بھارت کشیدگی میں کمی سے اسٹاک مارکیٹ میں تیزی

انڈیکس کی 39600 اور 39700 پوائنٹس کی 2 حدیں بحال

حصص کی مالیت میں مزید 35 ارب 86 کروڑ 20 لاکھ روپے کا اضافہ،کاروباری حجم جمعہ کی نسبت 22 اشاریہ 77 فیصد زائد رہا فوٹو:فائل

لائن آف کنٹرول پر حالات معمول پر آنے اور پاک بھارت کشیدگی میں کمی اور وزارت توانائی کی جانب سے سرکلرڈیٹ میں کمی کے لیے 200ارب روپے کے سکوک کے اجرا جیسی خبروں نے پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو تیزی رہی جس سے انڈیکس کی 39600 اور 39700 پوائنٹس کی 2مزید حدیں بحال ہو گئیں۔

تیزی کے سبب 59 اعشاریہ 19فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 35 ارب 86 کروڑ 20لاکھ 22 ہزار 416 روپے کا اضافہ ہوگیا۔


ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ خام تیل کی عالمی قیمت میں کمی کے باعث ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن سیکٹر میں فروخت کا رحجان غالب ہونے سے ایک موقع پر39 پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی لیکن اس دوران بعض لسٹڈ کمپنیوں کے اچھے مالیاتی نتائج اورفروری کے مہینے میں افراط زر کی شرح 8.21 فیصد تک پہنچنے سے توقع ہے کہ نئی مانیٹری پالیسی میں شرح سود مزید بڑھے گی جس کے سبب بینکنگ سیکٹر میں بڑھنے والی سرمایہ کاری کی وجہ سے مذکورہ مندی ایک موقع پر303پوائنٹس کی تیزی میں تبدیل ہوگئی لیکن اختتامی لمحات میں منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے تیزی کی مزکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 210.73 پوائنٹس کے اضافے سے39749.75 ہوگیا جب کہ کے ایس ای30 انڈیکس 79 پوائنٹس کے اضافے سے 19101اشاریہ02 ، کے ایم آئی30 انڈیکس 193 اشاریہ 70پوائنٹس کے اضافے سے 66427اشاریہ17 اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 78اشاریہ 16پوائنٹس کے اضافے سے 19375اشاریہ 23ہوگیا۔

کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 22اشاریہ 77فیصدزائد رہا اور مجموعی طورپر 16کروڑ84 لاکھ 46ہزار 60حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 348کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں سینوفی ایونٹیزکے بھاو39روپے 40پیسے بڑھکر 837 روپے 90 پیسے اور وائتھ پاکستان کے بھاو37روپے 17پیسے بڑھ کر1083روپے 25پیسے ہوگئے جبکہ ماڑی پٹرولئیم کے بھاؤ 13روپے83پیسے کم ہوکر1319روپے67پیسے اور گیٹرون انڈسٹری کے بھاو 13روپے69پیسے کم ہوکر304روپے56پیسے ہوگئے۔
Load Next Story