بھارتی آبدوز کی دراندازی بھی ناکام

وقت آگیا ہے کہ مودی حکومت خطے کی بربادی اور جنگی جنون سے کروڑوں انسانوں کو بچانے کی تدبیر کریں۔

وقت آگیا ہے کہ مودی حکومت خطے کی بربادی اور جنگی جنون سے کروڑوں انسانوں کو بچانے کی تدبیر کریں۔ فوٹو:فائل

پاک بحریہ نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی آبدوز کی جانب سے پاکستانی سمندری حدود کی خلاف ورزی کی کوشش ناکام بنادی ۔ بھارت کو ناکام فضائی دراندازی کے بعد سمندری محاذ پر بھی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ نے اپنے سمندری زون میں موجود بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کر اسے پاکستان کے پانیوں میں داخل ہونے سے روک دیا۔

پاک بحریہ نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارتوں کے ساتھ ہر دم چوکنا رہتے ہوئے بھارتی آبدوز کی اپنی موجودگی کو خفیہ رکھنے کی ہر کوشش کو ناکام بنادیا۔ پاک بحریہ کا جدید ٹیکنالوجی سے لیس بھارتی آبدوز کا سراغ لگا لینا بھارتی بحریہ کی ناکامی ہے، نومبر 2016 کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا۔ پاک بحریہ نے پیر کی شام بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا اور چار مارچ کی شب 8 بج کر 35 منٹ پر اس آبدوز کو نشانے پر لینے کی فوٹیج بھی جاری کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق یہ اہم کارنامہ پاکستان نیوی کی اعلیٰ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے پاک بحریہ ہر لمحہ مستعد و تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔

بھارتی بحریہ کی پاکستان کے سمندری حدود کی خلاف ورزی اس بات کا عندیہ ہے کہ مودی شدید جھنجھلاہٹ کا شکار ہیں اور بقول شاعر ''میں ہوں اپنی شکست کی آواز '' کی دردناک تصویر بن گئے ہیں، اس تناظر میں یہ اندازہ لگانا چنداں مشکل نہیں کہ پے در پے ناکامیوں اور عسکری مہم جوئی سے پیدا شدہ فرسٹریشن کے باعث پوری بی جے پی قیادت اجتماعی ذہنی دیوالیہ پن میں مبتلا ہے۔

عالمی جرائد میں جے ایف تھنڈر کے پہلی لڑائی میں جیت کا چرچا ہے، بھارتی فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل بیندر سنگھ دھنوا کا میڈیا سے گفتگو بھی اسی ہیجانی کیفیت کی غماز ہے انھیں کچھ سجھائی نہیں دیا کہ کیا جواب دیں، مزید یہ کہ بھارتی میڈیا بھی جلتی پر تیل ڈال رہا ہے، کئی لوگ جو بھارت میں اپنی شناخت رکھتے ہیں مودی کے پاگل پن پر برہم ہیں اور خطے میں امن کے خواہاں ہیں۔

وقت تیزی سے گزر رہا ہے مگر بھارتی حکومت ایڈونچرازم کی راہ پر گامزن ہے جس کا نتیجہ اسے مزید شکست و عالمی رسوائی اور تنہائی کی طرف دھکیلے گا، دنیا بھارتی جنگویاناہ عزائم اور مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے صورتحال کی سنگینی کا ادراک آخر کر ہی لیا ، لیکن بی جے پی قیادت آیندہ الیکشن میں ہر قیمت پر جیت کی دیوانی ہے اور اس سے کسی خیر کی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔ چنانچہ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کا اس جاب واضح اشارہ ہے کہ مشکل وقت ابھی ختم نہیں ہوا، ہمیں دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ہو گا ، بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر پوری قوم کو پاک فضائیہ پر ناز ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہم قوم کی امیدوں پر بھرپور انداز میں پورا اتر سکے ہیں۔ خدا کے سامنے سربسجود ہیں جس نے ہمیں طاقت دی ہے، پاک فضائیہ ملکی سالمیت اور ملکی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر چیف مارشل مجاہد انور نے پاک فضائیہ کے فاروڑد آپریشنل ائیر بیسز کا دورہ کیا، انھوں نے پائلٹس ، ائیر ڈیفنس، انجینئر نگ اور سیکیورٹی پر مامور عملے کے ساتھ ملاقاتیں بھی کیں اور ائیرفورس کے عملے کو بہترین کارکردگی پر ناصرف داد دی بلکہ ان سے کہا کہ آپ سب کو مکمل تیاری کی حالت میں رہنا ہے اور ملکی دفاع کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا۔


ادھر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری بھارتی مظالم کے خلاف اوآئی سی کی قرارداد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا پرواضح ہوچکا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کا داعی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت وزارت خارجہ میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔

جس میں سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، سابق سیکریٹریزخارجہ، سفراء و وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، دوران اجلاس پاک بھارت کشیدگی سمیت اہم سفارتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف اوآئی سی کی قرارداد کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

دریں اثنا قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ نے پاک بھارت کشیدگی اور ایل او سی کے متعلق معلومات طلب کرلیں، وزارت خارجہ میں کل اہم اجلاس میں وزیر خارجہ کی شرکت کا امکان ہے، سیکریٹری خارجہ مجموعی حکمت عملی سے آگاہ کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق کمیٹی نے کشیدگی میں کمی،خارجہ حکمت عملی بالخصوص بھارت اور کشمیر سے متعلق سفارشات کی تیاری کا فیصلہ کیا ہے۔

ادھر آزاد جموں و کشمیراسمبلی نے جنگ مسلط کرنے پر بھارت کومنہ توڑ جواب دینے کا عزم ظاہرکیا ہے۔ اسپیکر شاہ غلام قادر کی زیر صدارت اجلاس میں قائد ایوان فاروق حیدر نے قرارداد پیش کی جس میں کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کی مذمت جب کہ 2بھارتی طیارے گرانے پر پاکستان کی ستائش کی گئی۔اس میں کہا گیاکہ یہ اجلاس مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے،8لاکھ بھارتی فورسز سات دہائیوں سے نہتے مظلوم کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہیں،اس کے باوجود تحریک آزادی جاری ہے کیونکہ کشمیریوں نے اپنے لہو سے اس کی آبیاری کی ہے، میڈیا کے مطابق بھارتی انتہا پسندوں سے پڑوسی ملک کے استاد بھی محفوظ نہیں رہے۔ ریاست کرناٹک میں انتہا پسندوں نے بی جے پی مخالف پوسٹ کرنے پر پروفیسر کا منہ کالا کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انتہا پسندوں نے پروفیسر سندیپ واتھر پر بھارت مخالف پوسٹ کرنے کا الزام لگاکر گھٹنوں کے بل جھک کر معافی مانگنے پر بھی مجبور کردیا۔ انتہا پسندوں نے پروفیسر پر تشدد کیا اور اسے پاکستانی ایجنٹ بھی قرار دے دیا۔ ایک اطلاع کے مطابق بھارت مائنڈ سیٹ بے سمت تدبیر سازی کے دلدل میں پھنسی نظر آتی ہے، اس اطلاع میں کہا گیا ہے کہ بھارت پاکستان پر ایک اور حملہ کرنا چاہتا تھا تاہم انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔

حکومتی ذرایع کے مطابق بھارت نے راجستھان کے ائیربیس سے پاکستان میں 6۔7 جگہ پر میزائل حملے کا منصوبہ بنایا تھا، پاکستان کو اس منصوبے کا پتہ چل گیا جس پر پاکستانی ایجنسیز نے بھارتی ایجنسیز کو خبردار کیا کہ اگر آپ حملہ کریں گے تو ہم بھی تیار بیٹھے ہیں۔ ہمارے حملے کی شدت آپ کے حملے سے تین گنا زیادہ ہوگی۔ ذرایع کاکہنا ہے کہ بھارت اب بھی کراچی سمیت دیگر بڑے شہروں میں دہشت گرد حملے کرا سکتا ہے۔

پاکستانی تجزیہ کاروں کا انداز نظر بھی مودی کے جنگی جنون (وار ہسٹیریا) کو ڈسکس کررہا ہے جو بھارت کی طرف سے اب بھی حملے کا خطرہ محسوس کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی وزرا ء بھی بھارتی حکومت کی ہٹ دھرمی کا سبب اس کی بین الاقوامی سبکی کو قراردیتے ہیں۔

وقت آگیا ہے کہ مودی حکومت خطے کی بربادی اور جنگی جنون سے کروڑوں انسانوں کو بچانے کی تدبیر کریں، تنازعات کے حل کے لیے مکالمے کی طرف لوٹیں قبل اس کے کہ وقت ہاتھ سے نکل جائے۔
Load Next Story