پوجا گپتا کی نئی تھرلر فلم ’’مکی وائرس‘‘ مکمل ریلیز کیلیے تیاریاں

کمپیوٹر ہیکر کے گرد گھومنے والی فلم کاٹریلر بھی ریلیز کردیا گیا

پوجا گپتا کا کہنا ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر آگے بڑھ رہی ہیں۔ فوٹو: فائل

بھارتی اداکارہ پوجا گپتا ہدایتکارساروابھ ورما کی کامیڈی تھرلر فلم ''مکی وائرس''میں جلوہ گرہونے کے لیے تیار ہیں۔

یہ فلم مکمل ہوچکی ہے جس کی تشہیری مہم کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔ اداکارہ پوجا گپتا کے ساتھ اس فلم میں منہش پال، منہش چوہدری ،ایلی ایورم اور نتیش پانڈے اہم کرداروں میں نظر آئیں گے ۔اداکارہ پوجا گپتا کی اس فلم میں کمپیوٹر ہیکنگ کے حوالے سے ایک کیس پر مبنی خیال کو کہانی کا رنگ دیا گیا ہے۔ پولیس کو ایک کیس میں کمپیوٹر ہیکر کی تلاش ہوتی ہے جو ان کے مقدمے میں مدد کرسکے ۔ فلم میں اے ایس پی پولیس سدھانتھ (منہش چوہدری ) کو اس تلاش میں ایک نہایت ماہر مکی اروڑہ (منہش پال)مل جاتا ہے جو صبح کے اوقات میں گروسری اسٹور چلاتا ہے اور رات کو اینٹی وائرس کمپنیوں کے لیے کام کرتا ہے۔ پوجا گپتا کی اس فلم میں تھرلر اور کامیڈی کے امتزاج سے کہانی ایک نیا موڑ لیتی ہے اور یہی اس کہانی کا حسن بھی ہے ۔کمیوٹر ہیکر کے گرد گھومنے والی اس فلم کا باقاعدہ ٹریلر بھی ریلیز کردیا گیا ہے ۔

اس ٹریلر کی ریلیز پر اداکاروں کے تعارف پر مبنی سی ڈی بھی لائی گئی ہے۔ 130منٹ دورانیہ پر مبنی اس فلم کو رواں سال 13ستمبر کو سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا ۔فلم کو میوزیکل رنگ دینے کے لیے موسیقار حنیف شیخ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔حنیف شیخ نے اس فلم کے گیتوں کو یادگار بنانے کے لیے بڑی محنت سے دھنیں تیار کی ہیں۔ فلم کی کہانی خود ہدایت کار ورما نے لکھی ہے۔ واضح رہے کہ بالی وڈ اداکارہ پوجا گپتا نے 2007 میں ''مس انڈیا''کا تاج پہن کر اداکاری کا بھی فیصلہ کرلیا ۔پوجا گپتا نے ماڈلنگ شروع کی تو ان کی بے حد پذیرآئی ہوئی۔ انھوں نے 2007میں مس انڈیا کا ٹائیٹل جیتنے کے بعد ''مس یونیورس''کے لیے میکسیکو میں ہونیوالے مقابلہ حسن میں حصہ لینے کے لیے پہنچ گئیں۔ پوجا نے مقابلہ میں حصہ لیا اور نویں پوزیشن حاصل کی ۔




پوجا گپتا کا کہنا ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر آگے بڑھ رہی ہیں انھوں نے بالی وڈ میں اچھا کام کرکے دکھایا ہے اس بنا پراب مجھے اچھی فلموں کی آفرز ہورہی ہیں ،نئی فلموں میں اپنی یادگار پرفارمنس سے شائقین کے دل جیتنے کی کوشش کروں گی ۔بالی وڈ میں کام کرنے کے لیے فنی اور تکنیکی چیزیں بھی سیکھ رہی ہوں۔ رقص کے حوالے سے بھی محنت کررہی ہوں۔ اپنے کام میں پختگی اور مہارت لانے کے لیے کوشاں ہوں۔ شائقین کی جانب سے اچھا رسپانس مل رہا ہے ، ابھی کئی مراحل باقی ہیں جن میں کام کرنے کے لیے بہت کچھ سیکھنا پڑے گا ۔شوبز میں بہت وسیع میدان ہے اور اس میں وہی لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو محنت لگن اور شوق سے اپنے کام کو محبت سے کرتے ہیں ،انھوں نے بتایا کہ بالی وڈ میں قدم رکھنے پر بہت اچھے لوگوں کے تعاون کی بدولت بہت کچھ سیکھ رہی ہوں۔انھوں نے مزید کہا کہ سینئرز کی رہنمائی کے سبب ہی آج بڑی فلم میں کردار نبھانے کے قابل ہوگئی ہوں ۔

انھوں نے کہا کہ 2011میں ریلیز ہونے والی پہلی فلم ہدایتکار رومیو ڈی سوزا کے ساتھ کی، اس کامیڈی فلم میں ارشد وارثی، رتیش دیش مکھ اور جیکی بھگنانی جیسے نامور فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ ارشد وارثی اور رتیش دیشمکھ کی جانب سے بہت تعاون ملا ،۔انھوں نے کہا کہ فلم ''فقیر چند اینڈ لکیر چند ٹرسٹ یونیورسٹی ''کی کہانی طلبہ کے ایک ایسے گروپ کے گرد گھومتی ہے جن کے بارے میں امتحانات میں ریمارکس ہمیشہ اچھے نہیں آتے۔ ان میں سے ایک دوست کسی طرح اچھے نمبر لے کر پاس ہوجاتا ہے تو یہ دوست ملکر ایک جعلی یونیورسٹی قائم کرلیتے ہیں۔ اس فلم میں کام کرکے بہت اچھا لگا۔

اداکارہ و ماڈل پوجا گپتا کا کہنا ہے کہ نئی فلم ''مکی وائرس'' میں اپنے کردار سے مطمئن ہوں ،شائقین کویہ فلم پسند آئے گی ۔اداکارہ پوجا گپتا نے بتایا کہ مداحوں کی جانب سے داد ملتی ہے تو ساری محنت کا صلہ بھی مل جاتا ہے۔ آگے بڑھنے کا شوق رہا ہے اور میںنے اپنی تمام تر توجہ فن کے نام کررکھی ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ شوبز میں نیشب وفراز بھی معمول کا حصہ ہیں مگر میں آگے بڑھوں گی اور حوصلے کے ساتھ اپنے کام کو جاری رکھنے کا پختہ عزم رکھتی ہوں۔ پوجا کا کہنا ہے کہ بالی وڈ میں نئی فلمیں آفرز ہورہی ہیں۔ اداکارہ پوجا گپتا کی اس فلم پر بھی فلمی حلقوں نے بڑی توقعات وابستہ کررکھی ہیں ۔
Load Next Story