القاعدہ کا خوف امریکا کا مشرق وسطیٰ اورافریقہ میں اپنے سفارتخانے بند رکھنے کا اعلان

فیصلہ کسی بڑے خطرے کی علامت معلوم ہوتا ہےکیونکہ امریکا نے اتنی بڑی تعداد میں اپنے سفارتخانے بند نہیں کئے،ارکان کانگریس

القاعدہ کی جانب سے ممکنہ حملوں کے باعث امریکا مختلف ممالک میں اپنے 19 سفارتخانے 10 اگست یعنی ہفتے تک کے لئے بند کر رہا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ فوٹو: رائٹرز

امریکا نے افریقہ اور مشرق وسطیٰ میں اپنے سفارتخانے القاعدہ کی جانب سے دہشت گردی کے ممکنہ حملوں کے خدشے کے پیش نظر 10 اگست تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ القاعدہ کی جانب سے ممکنہ حملوں کے باعث امریکا مختلف ممالک میں اپنے 19 سفارت خانے 10 اگست یعنی ہفتے تک کے لئے بند کر رہا ہے جن میں سے 15سفارت خانے اتوار کے روز ہی بند کر دیئے گئے تھے، امریکا کی جانب سے سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے بعد اتوار کے روز یمن کے دارالحکومت صنعا میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے بھی اپنے سفارت خانے بند کر دیئے ہیں۔


امریکی حکومت کے اس فیصلے کے حوالے سے امریکی پارلیمنٹ کے ارکان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ القاعدہ کی جانب سے کسی بڑی دہشت گردی کے خطرے سے بچنے کے لئے کیا گیا ، امریکی کانگریس ارکان نے کہا کہ اس قسم کا فیصلہ کسی بڑے خطرے کی علامت معلوم ہوتا ہے کیونکہ امریکا نے ماضی کے کئی سالوں میں اتنی بڑی تعداد میں اپنے سفارتخانے بند نہیں کئے۔

امریکی قومی سلامتی کے چئرمین نے کہا کہ انہوں نے نائن الیون کے بعد پہلی مرتبہ ایسا ہوتے دیکھا ہے اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ حملہ رمضان المبارک کے اختتامی دنوں میں یا پھر رمضان کی آخری رات کو کئے جانے کا امکان ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story