تعلیمی ماہرین کم ترقی یافتہ علاقوں پر زیادہ توجہ دیں قائم علی شاہ

موجودہ حکومت صوبے میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ترقی کی خواہاں ہے، اجلاس سے خطاب

کراچی :وزیراعلیٰ قائم علی شاہ سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ منتخب حکومت صوبے میں تعلیم اورصحت کے فروغ اورترقی کی خواہاں ہے۔ تعلیم اورصحت کے شعبوں میں زیادہ سے زیادہ فنڈ مختص کیے گئے ہیں۔ یہ بات انھوں نے وزیراعلیٰ ہائوس میں سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کے بورڈآف گورنرزکے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔


اجلاس میں صوبائی وزیرتعلیم پیرمظہرالحق، وزیراطلاعات شرجیل میمن، چیئرمین سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن انیتاغلام علی، جسٹس(ر)زاہدقربان، چیف سیکریٹری راجا محمد عباس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری (بی اینڈ ڈی) اسرار ملک، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری صدیق میمن، سیکریٹری خزانہ نوید کامران بلوچ، سیکریٹری ورکس اینڈ سروسز ڈاکٹرعطاپہنور، اسپیشل سیکریٹری تعلیم ریاض میمن ودیگربھی شریک تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے زوردیا کہ وہ صوبے کے پسماندہ اورکم ترقی یافتہ علاقوں میں تدریس، تعلیم وتربیت اورتحقیق پرزیادہ سے زیادہ توجہ دیں۔ اجلاس میں سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کی چیئرپرسن انیتاغلام علی اورمنیجنگ ڈائریکٹرعزیز کابانی نے تفصیلی بریفننگ دی اس موقع پر بتایاگیاکہ فائونڈیشن نے اپنی کارکردگی کے 20سال مکمل کرلیے ہیں۔ فائونڈیشن صوبے کے تمام اضلاع میں کم از کم 2403 تعلیمی اداروں کومالی اورتکنیکی امدادفراہم کررہی ہے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ نے ضلع عمر کوٹ سے متعلق مسائل اور اختلافات کے حل کے لیے صوبائی وزیر بلدیات آغا سراج درانی کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ وزیر قانون ایاز سومرو، وزیر آبپاشی سیف اللہ دھاریجو، وزیر اقلیتی امور ڈاکٹر موہن لال اور جنرل سیکریٹری پیپلز پارٹی سندھ تاج حیدر ممبران میں شامل ہوں گے۔

Recommended Stories

Load Next Story