ہاکی کیمپ میں پلیئرز کی منفرد انداز میں مشقیں شروع

ایشیا کپ کے گروپ میں شامل ملائیشیا اور جاپان کیخلاف میچز کی پلاننگ مکمل

ایشیا کپ کے گروپ میں شامل ملائیشیا اور جاپان کیخلاف میچز کی پلاننگ مکمل۔ فوٹو: فائل

SIALKOT:
قومی ہاکی ٹیم نے ایشیا کپ ٹائٹل اپنے نام کرنے کیلیے کیمپ میں منفرد انداز میں مشقیں شروع کردیں۔

پہلے مرحلے میں گروپ میں شامل ملائیشیا اور جاپان کیخلاف میچز کی پلاننگ مکمل کر لی گئی، سیمی فائنل میں بھارت یا جنوبی کوریا سے مقابلے کے پیش نظر ان ٹیموں کیخلاف حکمت عملی طے کرنے پر عید کی چھٹیوں کے بعد کام شروع کیا جائیگا۔


لاہور کے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری کیمپ میں پیر کے روز پلیئرز نے ہیڈ کوچ اختر رسول اور کوچ طاہر زمان کی زیر نگرانی بھرپور ٹریننگ کی، منگل کو آرام کے بعد پلیئرز بدھ کو صبح کے سیشن میں شرکت کے بعد عید کی چھٹیاں منانے اپنے گھروں کو روانہ ہو جائیں گے۔ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق 11 اگست کی شام کھلاڑی کیمپ کمانڈنٹ چوہدری اختر رسول کو دوبارہ رپورٹ کریں گے جبکہ اگلے روز دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز ہوجائے گا۔



ملائیشیا میں شیڈول ایشیا کپ کیلیے حتمی اسکواڈ کا اعلان 15 اگست کو ہونا ہے،ٹیم 19 تاریخ کی شب براستہ بنکاک ملائیشیا روانہ ہوگی۔ چیف کوچ اختر رسول اب تک کی تیاریوں سے مطمئن دکھائی دیتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ پلیئرز ایونٹ کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے بھرپور جان لڑا رہے ہیں، امید ہے کہ گرین شرٹس ایشیا کپ کا ٹائٹل حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے۔ کوچ طاہر زمان نے کہا کہ کیمپ میں پلیئرز تمام شعبوں بالخصوص حریف ٹیموں کی کمزوریوں کو سامنے رکھ کر پریکٹس کررہے ہیں۔
Load Next Story