کیلیفورنیا ٹینس اسٹوسر نے ٹرافی اپنے نام کرلی آذرنیکا ناکام

آندریا پیٹکووک کو مات،واشنگٹن اوپن میں میگدیلینا ریبریکووا اعزاز کے دفاع میں سرخرو ہو گئیں،مینزٹرافی ڈیل پوٹرو کے نام

اسٹوسرکیلیفورنیا ٹینس کی وننگ ٹرافی تھامے ہوئے ۔ فوٹو : اے ایف پی

ISLAMABAD:
آسٹریلیا کی سمانتھا اسٹوسر نے کیلیفورنیا ویمنز ٹینس کی ٹرافی اپنے نام کرلی، انھوں نے فائنل میں ٹاپ سیڈ وکٹوریا آذرنیکا کو 6-2، 6-3 سے شکست دی۔

2011 میں یوایس اوپن ٹرافی کے بعد اسٹوسر کی یہ پہلی ٹائٹل فتح ہے۔ ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے واشنگٹن اوپن جیت کر سیزن کے آخری گرینڈ سلم یوایس اوپن کیلیے خود کو فیورٹ ثابت کردیا، انھوں نے فائنل میں امریکی حریف جون اسنر کو 3-6، 6-1 اور 6-2 سے مات دی، ویمنز سنگلز میں سلواکیہ کی میگدیلینا ریبریکووا اعزاز کا دفاع کرنے میں سرخرو ہوگئیں، انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں جرمن پلیئر آندریا پیٹکووک کو 6-4، 7-6(7/2) سے زیر کیا، یہ مجموعی طور پر ان کے کیریئر کی چوتھی اور رواں برس کی پہلی ڈبلیوٹی اے ٹرافی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کی سمانتھا اسٹوسر نے کیلیفورنیا ویمنز ٹینس کے فائنل میں ٹاپ سیڈ وکٹوریا آذرنیکا کو 6-2، 6-3 سے شکست دی۔

اسٹوسر نے2011 میں یوایس اوپن کے بعد پہلا ٹائٹل جیتا، 5 سیڈ پلیئر کو آذرنیکا سے کیریئر کے9ویں باہمی مقابلے میں پہلی فتح ملی۔ 1.76 ملین امریکی ڈالر انعامی مالیت کے واشنگٹن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مینز سنگلز ٹرافی ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے اپنے قبضے میں کرلی، انھوں نے فائنل میں امریکی حریف جون اسنر کو ٹھکانے لگاکر سیزن کے اختتامی یوایس اوپن کے لیے خود کو فیورٹ ثابت کردیا۔


24 سالہ پلیئر نے فائنل کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا، پہلے سیٹ میں اسنر نے 6-3 سے کامیابی حاصل کی البتہ اس کے بعد کارکردگی کا معیار برقرار نہ رکھ پائے،کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ڈیل پوٹرو نے کہا کہ میں یوایس اوپن کیلیے فیورٹ ہوسکتا ہوں کیونکہ اس وقت میری فارم عمدہ ہے۔



واشنگٹن اوپن جیتنے اور سخت حریفوں کو مات دینے کے بعد میں خود کو پُراعتماد محسوس کررہا ہوں، البتہ مجھے ابھی اپنے سے مزید چند بہتر کھلاڑیوں کا سامنا کرنا ہے جو ہمیشہ ہی گرینڈ سلم کیلیے فیورٹ خیال کیے جاتے ہیں، ان کا اشارہ ورلڈ نمبرون نووک جوکووک، دفاعی چیمپئن اینڈی مرے، پانچ مرتبہ کے یو ایس اوپن چیمپئن راجرفیڈرر اور 2010 کے فاتح رافیل نڈال کی طرف تھا، ڈیل پوٹرو کو واشنگٹن اوپن میں اپنی کامیابی پر حیرت بھی ہے، انھوں نے کہا کہ کئی ماہ ایونٹس سے دوری اور ہارڈ کورٹ پر ٹائٹل جیتنا میرے لیے بھی حیران کن رہا، اس فتح سے مجھے بے پناہ اعتماد ملا اور میں خود کو دنیا کے بہترین پلیئرز کے قریب محسوس کررہا ہوں، ڈیل پوٹرو نے واشنگٹن اوپن میں اپنی فتوحات کا سلسلہ 14 میچز تک دراز کرتے ہوئے تیسری مرتبہ ٹرافی تھامی۔

وہ اس سے قبل 2008 اور 2009 میں چیمپئن بن چکے ہیں، 2009 میں انھوں نے واشنگٹن اوپن جیتنے کے بعد اپنے کیریئر کی اولین گرینڈ سلم ٹرافی یوایس اوپن کی صورت بھی اپنے نام کی تھی، مجموعی طور پر عالمی درجہ بندی میں 7ویں پوزیشن پر براجمان ڈیل پوٹرو کے کیریئر کا یہ 15واں اے ٹی پی ٹائٹل ہے، رواں برس یہ ان کی دوسری ٹرافی بنی، وہ اس سے قبل فروری میں روٹرڈیم ایونٹ بھی جیت چکے ہیں، کامیابی کے ساتھ ہی انھوں نے اسنر کیخلاف 4-0 سے باہمی مقابلوں میں اپنے ریکارڈ کو مزید بہتر بنالیا، ویمنز سنگلز میں سلواکیہ کی میگدیلینا ریبریکووا اعزاز کا دفاع کرنے میں سرخرو ہوگئیں، انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں جرمن پلیئر آندریا پیٹکووک کو 6-4، 7-6(7/2) سے زیر کیا، یہ مجموعی طور پر ان کے کیریئر کی چوتھی اور رواں برس کی پہلی ٹرافی ہے۔
Load Next Story