پولیس مقابلوں کے دوران بھتہ خور اور ڈاکو ہلاک ایک ملزم گرفتار3فرار

میٹروول کے قریب ملزمان بیکری کے مالک سے بھتہ وصول کرنے آئے،سادہ لباس اہلکاروں نے گرفتارکرنے کی کوشش کی۔۔۔

واردات میں راحت گروپ ملوث ہے،پولیس،احسن آباد میں ڈاکو زوہیب نے اہلکار پر فائرنگ کی ،جوابی فائرنگ میں مارا گیا فوٹو: فائل

KARACHI:
شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں کے دوران بھتہ خور اور ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا ۔

ایک ملزم زخمی حالت میںگرفتار جبکہ 3 ملزمان فرار ہوگئے، تفصیلات کے مطابق سائٹ ایریا میں میٹروول کے قریب ملزمان بیکری کے مالک سے بھتہ وصول کرنے کیلیے پہنچے تو وہاں پہلے سے تعینات سادہ لباس اہلکاروں نے انھیں گرفتار کرنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی ،پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم وجاہت عرف حمزہ ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی ابراہیم زخمی ہوگیا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا ، ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ،ملزمان کے 3ساتھی فرارہو گئے۔




پولیس کے مطابق بیکری کے مالک سے ملزمان نے لاکھوں روپے بھتہ مانگا تھا جبکہ اس سے قبل بھی وہ انھیں کئی لاکھ روپے بطور بھتہ ادا کرچکا ہے،پولیس کا کہنا ہے کہ واردات میں راحت گروپ ملوث ہے ،پولیس ملزمان کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے،سہراب گوٹھ کے علاقے احسن آباد میں مقابلے کے دوران ڈاکو ہلاک ہوگیا،ڈی ایس پی خالد خان نے بتایا کہ احسن آباد میں غازی کانٹا کے قریب ملزم زوہیب الرحمٰن ولد مست علی خان کو ایک پولیس اہلکار نے پہچان لیا،اہلکار نے اسے گرفتار کرنے کی کوشش کی۔

جس پر ملزم نے فائرنگ کردی تاہم پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزم زوہیب الرحمٰن ہلاک ہوگیا ،ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ، ملزم پولیس اہلکاروں پر فائرنگ اور ان کے قتل کے کئی مقدمات میں مطلوب تھا ، ملزم جنجال گوٹھ کا رہائشی جبکہ اس کا آبائی تعلق وزیرستان سے تھا۔
Load Next Story