جعفر ایکسپریس بم دھماکا 4 مسافر جاں بحق

آنے والا وقت میں ان کا یہ کردار سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔

آنے والا وقت میں ان کا یہ کردار سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔فوٹو: فائل

بلوچستان میں تخریب کاری کا سلسلہ تا حال رکا نہیں۔ شرپسند عناصر نے ریلوے پٹڑی کو اس وقت دھماکا خیز مواد سے اڑادیا جب وہاں سے مسافر ٹرین جعفر ایکسپریس گزر رہی تھی ۔ حالیہ واقعہ گزشتہ پندرہ دنوں میں ٹرین پر ہونا والا دوسرا بڑا واقعہ ہے۔

دراصل بلوچستان میں دہشتگرد اب پسپا ہو رہے ہیں اور وہ ایسی غیر انسانی کارروائیوں کے ذریعے عوام میں خوف وہراس اور دہشت پھیلانا چاہتے ہیں ، لیکن ان کے ناپاک عزائم ناکام ہوںگے۔ حادثے کی جو تفصیلات سامنے آئی ہیں ، ان کے مطابق دھماکے سے انجن سے منسلک بوگی کو نقصان پہنچا اور وہ الٹ گئی۔


اس کے بعد دیگر پانچ بوگیاں بھی الٹنے کے نتیجے میں ماں اور بیٹی سمیت چار مسافر جاں بحق ، تین اہلکاروں سمیت نو افراد زخمی ہوئے۔ معصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر جتنا افسوس کیا جائے وہ کم ہے۔ پاکستان ریلوے کانظام چاروں صوبوں کی زنجیر ہے، جو ملکی یکجہتی کی علامت ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ کچھ قوتیں بلوچستان کے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہیں جس کی ہم کسی صورت اجازت نہیں دیں گے اور مٹھی بھر عناصرکو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، بلاشبہ ان کی بات درست ہے۔حکومتی سطح پر ریلوے ٹریک حفاظت کے لیے موثرگشت اور حفاظتی اقدامات کی ضرورت ہے،اس کے لیے جنگی بنیادوں پر ایک مکینزم تشکیل دیا جائے۔ بلوچستان کے عوام اور سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن کا کردار ادا کیا ہے۔

آنے والا وقت میں ان کا یہ کردار سنہری حروف میں لکھا جائے گا، دہشت گردوں کے مذموم مقاصد خاک میں مل جائیں گے اور وہ ناکام ومراد رہیں گے۔ حکومت کے فرض ہے کہ وہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات اٹھائے اور سیکیورٹی ادارے ایسا فول پروف سسٹم بنائیں کہ اس طرح کے واقعات آیندہ نہ ہوں ۔
Load Next Story