نقلی پولیس لوگو اور نمبر پلیٹ لگانے والوں کیخلاف کارروائی شروع

غیرقانونی پولیس لوگواورپلیٹ لگانے والی گاڑیوں کوضبط کرلیاجائے،آئی جی سندھ

غیرقانونی پولیس لوگواورپلیٹ لگانے والی گاڑیوں کوضبط کرلیاجائے،آئی جی۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈکیت اور اسٹریٹ کرمنل اپنی موٹر سائیکلوں پر نقلی پولیس لوگو اور نمبر پلیٹ لگاکر لوٹ مار کی وارداتیں کرنے لگے۔

گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر غیرقانونی سندھ پولیس کے لوگو اور نمبر پلیٹ کے استعمال کے خلاف پولیس نے انسدادی مہم شروع کردی۔ 2روز قبل طارق روڈ پررینجرز اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں گرفتار زخمی ڈاکو اور برطرف پولیس اہلکار احسان الٰہی کے قبضے سے برآمدکی جانیوالی مسروقہ موٹرسائیکل پر پولیس کے مونوگرام والی نمبر پلیٹ چسپاں تھی۔

آئی جی ڈاکٹرکلیم امام نے پولیس کی نمبر پلیٹ کے غلط استعمال پر سخت کارروائی کرتے ہوئے آئی جی سندھ ایڈیشنل آئی جی کراچی، زونل ڈی آئی جیز کراچی اورصوبے کے تمام ریجنل ڈی آئی جیز کو مراسلہ ارسال کرکے سندھ پولیس کے لوگو اور نمبرپلیٹ کا غیرقانونی اور غلط استعمال کرنے والے گاڑی مالکان اور موٹرسائیکل سواروں کے خلاف بھر پور کارروائی کا حکم دیا ہے۔ْ


مراسلے کے مطابق سندھ پولیس ایسے عناصر کی سرکوبی کے لیے ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر7 روزہ خصوصی مہم شروع کرے گی۔ جعلی اور غیر قانونی پولیس لوگو اور نمبر پلیٹ لگانے والے گاڑی مالکان کے خلاف خصوصی مہم بدھ سے شروع کردی گئی ہے،کارروائی کے دوران جعلی اور غیرقانونی سندھ پولیس کا لوگو اور نمبرپلیٹ لگانے والی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو ضبط کرکے مالکان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

مشاہدے میں یہ بات آئی ہے کہ پولیس کی نمبر پلیٹ لگی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کواکثر پولیس اہلکار چیک کیے بغیر ہی چھوڑ دیتے ہیں ایسی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں لوٹ مار، ڈکیتی اور سنگین جرائم میں استعمال کی جارہی ہیں۔

آئی جی ڈاکٹر سید کلیم امام نے حکم دیا ہے کہ پولیس حکام جعلی اور غیرقانونی پولیس لوگو اور نمبر پلیٹ لگی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ 26 مارچ تک ای میل کریں۔
Load Next Story