ٹرافی گنوانے والے کینگروز کو سیریز بچانے کے لالے پڑ گئے

آج شروع ہونے والے ڈرہم ٹیسٹ میں لازمی فتح درکار،کلارک کے حوصلے بلند

انگلینڈ کو 2-0کی برتری حاصل ہے۔ فوٹو: فائل

ایشز ٹرافی گنوانے والے آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کو اب ایشز ٹرافی بچانے کے لالے پڑ گئے۔

انگلینڈ کو 2-0کی برتری حاصل ہے،کینگروز کو جمعے سے شروع ہونے والے ڈرہم ٹیسٹ میں لازمی فتح درکار ہوگی، ڈرا کی صورت میں بھی میزبان کو فیصلہ کن سبقت مل جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مابین ایشز سیریز کا چوتھا معرکہ جمعے سے چیسٹرلی اسٹریٹ ڈرہم میں شروع ہوگا، ابتدائی دونوں ٹیسٹ جیت کر میزبان نے سیریز میں 2-0کی برتری حاصل کی، تیسرا میچ ڈرا ہوا، یوں ٹرافی پر انگلش قبضہ یقینی ہو گیا، اب کینگروز کو سیریز بچانے کیلیے لازمی فتح درکار ہوگی، مقابلہ برابری پر ختم ہوا تو بھی الیسٹر کک الیون فاتح ہوجائے گی۔




اس میدان کو پہلی بار ایشز کے کسی ٹیسٹ کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہورہا ہے، انگلش ٹیم نے یہاں 4ٹیسٹ جیتے، پچ سوئنگ میں مہارت رکھنے والے فاسٹ بولرز کیلیے سازگار قرار دی جا رہی ہے، ٹاس اہم کردار ادا کرے گا، آسٹریلوی پلیئنگ الیون میں جیکسن برڈ کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ دوسری طرف ہوم گراؤنڈ پر فاسٹ بولرز گراہم اونینز کی میزبان الیون میں واپسی ہوسکتی ہے، پیسر جیمز اینڈرسن اور اسپنر گریم سوان ایک بار پھر توجہ کا مرکز ہوں گے۔ کپتان ایلسٹر کک کا کہنا ہے کہ اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں آسٹریلوی ٹیم مختلف روپ میں نظر آئی جس کے باعث ہمیں دفاعی پوزیشن اختیار کرنا پڑی، اب ہم سیریز کا فیصلہ چوتھے ٹیسٹ میں کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ دوسری جانب کینگرو کپتان مائیکل کلارک نے کہاکہ ہماری ٹیم کو اپنی اصل صلاحیت کا اندازہ ہوچکا، انگلینڈ کے سیریز جیتنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔
Load Next Story