بلز کی عدم ادائیگی میں سندھ، بجلی اور گیس چوری میں پنجاب آگے

اسلام آباد / ملتان: بجلی اور گیس کی چوری میں پنجاب دیگر صوبوں کی دوڑ میں سب سے آگے نکل گیا جبکہ بلز کی عدم ادائیگی میں سندھ کا پہلا نمبر ہے۔

چوروں کو پکڑنے کا آپریشن جاری ہے، ایف آئی اے نے 100 سے زائدمقدمات درج کر لیے۔ حکومت نے بجلی اور گیس چوروں کو پکڑنے کی ذمہ داری ایف آئی اے کو سونپی تو ٹاسک فورس کے سربراہ حسین اصغر کی قیادت میں آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔ اب تک 100 سے زائد بجلی اور گیس چور پکڑے جا چکے ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق وسطی پنجاب کے اضلا ع بجلی اور گیس چوری کے تمام ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔ ورسٹ پرفارمنگ ڈسکوز میں سب سے پہلے سکھر اور حیسکو ہیں۔ لااینڈ آرڈر کی وجہ سے کوئٹہ اور کے پی آتا ہے چوری جہاں زیادہ ہوتی ہے اس میں سینٹرل پنجاب کے ڈسکو ز،گوجرانوالہ ، فیصل آباد ، لاہور ورسٹ کنڈیشن میں ہیں۔

ایف آئی اے اب محکمانہ کالی بھیڑوں کو پکڑنے کی تیاریاں کر رہا ہے۔ دریں اثناء ایف آئی اے نے بجلی چوری کی روک تھام کیلئے عید کے بعد 3 مختلف مرحلوں میں بڑے آپریشن کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں بڑی صنعتوں‘ دوسرے مرحلے میں چھوٹی فیکٹریوں اور پھر تیسرے مرحلے میں 3 فیز گھریلو کنکشن استعمال کرنے والے ایسے صارفین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو بجلی چوری میں ملوث پائے جائینگے۔ اس مقصد کیلئے واپڈا ملازمین اور ایف آئی اے افسران پر مشتمل مختلف کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں جو بجلی کے لوڈ‘ گزشتہ 6 ماہ کے بجلی کے بل اور دیگر معاملات کا بطور جائزہ لینگے۔ اس ممکن آپریشن سے جہاں بجلی چوری کرنے والے صارفین پریشان ہیں وہاں پر ان کی سرپرستی کرنے والے واپڈا افسران و ملازمین میں بھی شدید پریشانی پائی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ ممکن آپریشن 15 اگست سے شروع کیا جا رہا ہے۔