2 ماہ کی تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے بدھ سے کھلیں گے

تدریس 15 اگست کو شروع ہوگی، یوم آزادی کے حوالے سے پروگرام ترتیب نہ دیے جاسکے

تدریس 15 اگست کو شروع ہوگی، یوم آزادی کے حوالے سے پروگرام ترتیب نہ دیے جاسکے۔ فوٹو: ایکسپریس/ فائل

سندھ بھرمیں سرکاری ونجی تعلیمی ادارے دو ماہ کی موسم گرما کی تعطیلات کے بعد بدھ 14 اگست سے کھل جائیں گے تاہم سرکاری ونجی اسکولوں میں تدریسی عمل 15 اگست سے شروع ہوگا۔

14 اگست کو ملک کے یوم آزادی کے سلسلے میں تعلیمی اداروں میں تقریبات منعقدہونگی تاہم اس موقع پرصوبائی محکمہ تعلیم اورسرکاری اسکولوں کے پرنسپلز وہیڈماسٹرزکی جانب سے یوم آزادی منانے کے لیے طلبا وطالبات کو کوئی واضح ہدایت جاری نہیں کی گئی ہے نہ ہی سرکاری اسکولوں میں 14 اگست کے پروگرام ترتیب دیے جاسکے ہیں جس کے سبب عملی طور پر 14 اگست کواسکول کھولنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، اس کے برعکس 14 اگست کونجی تعلیمی اداروں نے اپنے اسکولوں میں یوم آزادی کے باقاعدہ پروگرام ترتیب دے رکھے ہیں جس سے بچوں کو پہلے ہی آگاہ کردیاگیاہے۔




صوبائی وزیر تعلیم نثار کھوڑو نے وزارت تعلیم کا قلمدان سنبھالنے کے بعد یکم جولائی کوپریس کانفرنس میں متعلقہ تعلیمی افسران کو موسم کی تعطیلات کے دوران سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی اورتعلیمی افسران کو واضح طور پر یہ احکامات جاری کیے گئے تھے کہ موسم گرما کی تعطیلات کے دوران اسکولوں میں رنگ روغن کرایا جائے جبکہ فرنیچر کی مرمت کا کام فوری طور پر مکمل کیا جائے تاہم حسب دستور کراچی سمیت سندھ کے تعلیمی افسران نے صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو کے احکامات نظر انداز کردیے ہیں۔

سندھ میں دوماہ کی تعطیلات میں سرکاری اسکولوں میں تزئین وآرائش یارنگ روغن کا کام نہیں کرایا جاسکا اور نہ ہی اسکولوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلیے کوئی اقدامات سامنے آئے، سرکاری اسکولوں میں ٹوٹا ہوا فرنیچر موجود ہے، بارشوں کے بعد سرکاری اسکولوں کے میدانوں میں پانی کھڑاہے جس سے تعفن اٹھ رہا ہے، صفائی کی صورتحال ناقص ہے۔
Load Next Story