شیکھر دھون پروٹیز بولرز کیلیے ڈراؤنا خواب بن گئے

ٹرائنگولر اے سیریز میں 248 رنز بنا کر ون ڈے کی دوسری سب سے بڑی اننگز کھیلی

ٹرائنگولر اے سیریز میں 248 رنز بنا کر ون ڈے کی دوسری سب سے بڑی اننگز کھیلی۔ فوٹو :فائل

شیکھردھون پروٹیز بولرز کیلیے ڈراؤنا خواب بن گئے،بھارت فائنل میں پہنچ گیا، جہاں اس کا مقابلہ بدھ کو آسٹریلیا سے ہوگا۔

انھوں نے ٹرائنگولر اے سیریز میں 248 رنز بنا کر ون ڈے کرکٹ کی دوسری سب سے بڑی اننگز کھیلی، ورلڈ ریکارڈ بدستور الیسٹر براؤن کے قبضے میں ہے، جنھوں نے گلیمورگن کیخلاف سرے کی نمائندگی کرتے ہوئے 2002 میں اوول کے مقام پر 268 رنز اسکور کیے تھے۔ گزشتہ روز 39 رنز سے مقابلہ جیتنے والی بھارتی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 3 وکٹ پر 433 رنز بنا دیے، 27 سالہ اوپنر شیکھر دھون نے 150 گیندوں پر 248 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 30 چوکے اور7 چھکے شامل رہے۔




انھوں نے رواں برس مارچ میں آسٹریلیا کیخلاف ڈیبیو پر187 رنز بنانے کے بعد سے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا، کپتان چتیشور پجارا نے109 رنز اسکور کیے، انھوں نے 8 چوکے لگائے، مرلی وجے40 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، ہرڈس ویلیون ، رسٹی تھیرون اور بیورین ہینڈرکس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں جنوبی افریقی سائیڈ نے بھی بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے 48.4 اوورز میں 394 رنز بنائے لیکن اس کے تمام پلیئرز آؤٹ ہوگئے، وان جارسویلڈ 108 اور ریزا ہینڈرکس 106 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کپتان جسٹن اونٹونگ نے 49 اور ریلی روساؤ نے 43 رنز اسکور کیے، ریلوف وان ڈیر میرو نے 26 گیندوں پر 36 رنز کا حصہ ڈالا، ایشور پانڈے نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا جبکہ جے دیو انکت نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔
Load Next Story