خانیوال گھریلو جھگڑے پر ماں نے3 شیر خوار بچوں کو زہر دے کر مار ڈالا

رخسانہ نے خود بھی زہر کھا لیا، نشتر اسپتال میں حالت نازک، خاتون شوہر کے ہمراہ عزیز کے گھر جانا چاہتی تھی۔

شوہر کے انکار پر رخسانہ نے 3 سالہ ماجد، ڈیڑھ سالہ رضوانہ اور 6 دن کی بیٹی کو دودھ میں جراثیم کش گولی ملا کر پلا دیا، مقدمہ درج فوٹو: فائل

خانیوال میں خاتون نے معمولی گھریلو جھگڑے پر اپنے 3 بچوں کو دودھ میں زہر ملا کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور خود بھی زہر کھا لیا۔

خاتون کو تشویشناک حالت میں نشتر اسپتال میں ریفر کر دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق چک نمبر 14 آٹھ آر کے رہائشی عابد حسین ولد عاشق حسین کی بیوی رخسانہ بی بی اپنے خاوند کے ساتھ کچا کھوہ میں ایک عزیز کی قل خوانی پر جانا چاہتی تھی۔ خاوند نے منع کیا تو دونوں میں جھگڑا ہو گیا۔

بعد ازاں رخسانہ بی بی نے گندم میں رکھنے والی جراثیم کش گولیاں پیس کر دودھ میں ملا کر اپنی ڈیڑھ سالہ بیٹی رضوانہ، 3 سالہ بیٹے ماجد حسین اور 6 دن کی بچی جس کا ابھی نام نہیں رکھا تھا ان کو دودھ پلا دیااور خود بھی جراثیم کشگولی کھا لی۔




واقعے کا علم ہونے پر چاروں کو کچا کھوہ سول اسپتال لایا گیا جہاں پر ماجد حسین اور 6 دن کی بچی کچا کھوہ اسپتال میں ہی دم توڑ گئے جبکہ رخسانہ اور رضوانہ کو حالت نازک ہونے پر ڈسٹرکٹ اسپتال ریفر کر دیا گیا جہاں پر ڈیڑھ سالہ بچی رضوانہ بھی دم توڑ گئی اور ان کی ماں کو حالت نازک ہونے پر نشتر اسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا جہاں پر اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ رخسانہ کی عابد سے دوسری شادی تھی۔ پہلی شادی سے اس کے 2 بچے تھے جو کہ سابقہ خاوند کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔ پولیس تھانہ کچا کھوہ نے کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردیں اور ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
Load Next Story