متوقع بارشیں صوبائی وزیر بلدیات نے شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی

بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے بلدیاتی ادارے تمام دستیاب آلات اور مشینوں کا بھرپور استعمال کریں، اویس مظفر

ذاتی طور پر مختلف علاقوں کا دورہ کر کے جائزہ لوں گا، کوتاہی کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی ہوگی فوٹو: فائل

صوبائی وزیر بلدیات سید اویس مظفر نے متوقع بارشوں کے پیش نظر ادارہ فراہمی و نکاسی آب اور دیگر متعلقہ اداروں میں رین ایمرجنسی نافذ کردی، صوبائی وزیر بلدیات نے ایڈمنسٹر بلدیہ عظمی کراچی،میونسپل کمشنر بلدیہ عظمی،منیجنگ ڈائریکٹر ادارہ فراہمی و نکاسی آب، میونسپل کمشنر اور ڈائریکٹر میونسپل سروسز کو ہدایت کی ہے کہ وہ انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی کریں تاکہ بارش کے پانی کی نکاسی جلد یقینی بنائی جا سکے۔

انھوں نے ایم ڈی ادارہ فراہمی و نکاسی آب کو ہدایت کی کہ وہ اپنا کیمپ آفس سوک سینٹر میں قائم کریں تاکہ بلدیہ عظمی کراچی کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھ سکیں،صوبائی وزیر بلدیات نے بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے بلدیاتی اداروں کے پاس دستیاب تمام آلات اور مشینوں کا بھرپور استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی، انھوں نے کہا کہ جس علاقے یا سڑک پر پانی دکھائی دیا وہاں کے متعلقہ افسر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، انھوں نے مزید کہا کہ بارش کو عوام کے لیے زحمت بنانے والے اور اپنے فرائض صحیح طریقے سے ادا نہ کرنے والے افسران کو کسی صورت میں نہیں بخشا جائے گا،انھوں نے مزید کہا کہ وہ ذاتی طور پر مختلف علاقوں کا دورہ کر کے وہاں بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیں گے اور اس ضمن میں کوتاہی کے مرتکب افسران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔




وزیر بلدیات نے کے ایم سی اور کراچی کی پانچوں ڈی ایم سیز کے ایڈمنسٹریٹر اور دیگر متعلقہ حکام کو فضلے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اچانک کیے جانے والے دورے کے موقع پر اگر کہیں بھی کچرے کے ڈھیر نظر آئے تو متعلقہ حکام کو فوری طور پر معطل کردیا جائے گا اور بعدازاں کوتاہی کے مرتکب افسران و عملہ کو کم از کم ایک سال تک کسی بھی اسامی پر تعینات نہیں کیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ تمام افسران و عملہ سیاسی دباؤ کے بغیر عوام کی خدمت پر توجہ دیں،جہاں مشکلات پیش آئیں فوری طور پر اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا جائے تاکہ تدارک کیا جاسکے، وزیر بلدیات نے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کو ہدایت کی کہ فوری طور پر خراب مشینری کو قابل استعمال بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں، انھوں نے کہا کہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و عملے کو ایوارڈ بھی دیے جائیں گے۔
Load Next Story