کرکٹ فرنٹ میں بھی کشیدگی پاکستان پر بھارت کی لفظی گولہ باری شروع

ڈھکے چھپے الفاظ میں چیمپئنز لیگ سے فیصل آباد کو دور رکھنے کا اشارہ ،فیصلہ کرنے سے قبل صورتحال کا محتاط انداز میں۔۔۔

پی سی بی کو بھی کوئی قدم اٹھانے سے پہلے حکومت سے مشورہ درکار، نازک صورتحال سامنے آنے کے بعد کھلاڑی غیر یقینی کیفیت سے دوچار ہوگئے۔ فوٹو: فائل

سیاسی درجہ حرارت میں اضافے کے بعد پاک بھارت کرکٹ فرنٹ میں بھی کشیدگی بڑھ گئی، بھارت نے پاکستان پر لفظی گولہ باری بھی شروع کر دی ہے۔

ڈھکے چھپے الفاظ میں چیمپئنز لیگ سے فیصل آباد وولفز کو دور رکھنے کا اشارہ دے دیا گیا، بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت پاکستان کی کسی ٹیم کی ایونٹ میں شرکت پر آمادہ نہیں اور جلد اعلان کردیا جائے گا، دوسری جانب بھارتی وزارت خارجہ نے ڈپلومیٹک انداز اپناتے ہوئے کہا کہ ابھی ایونٹ کے انعقاد میں کچھ وقت باقی ہے،اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کرنے سے قبل صورتحال کا بڑے محتاط انداز میں جائزہ لیں گے۔

دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی کوئی قدم اٹھانے سے قبل حکومت سے مشورہ کرنا ہوگا، نازک صورتحال سامنے آنے کے بعد کھلاڑی غیر یقینی کیفیت سے دوچار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے سیاسی کشیدگی کا نزلہ کھیلوں پر گرانے کی روایت برقرار رکھتے ہوئے پاکستانی ٹیموں کے ساتھ متعصبانہ رویہ برتنے میں کبھی کسر نہیں چھوڑی، ہرزہ سرائی میں مشہور میڈیا بھی اس معاملے میں پیچھے نہیں رہتا۔


آئی پی ایل میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت شجر ممنوعہ قرار دیدی گئی، انڈین ہاکی لیگ میں شمولیت کیلیے جانے والے 9 پلیئرز کھیلے بغیر ہی وطن واپسی پر مجبور ہوئے، پاکستان ٹیم نے ورلڈ کپ اور بعد ازاں ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 سیریز کیلیے گذشتہ سال دورہ کیا، بھارتی بورڈ نے خوب مال کمایا اور جواب میں پاکستان کو وعدوں پر ٹرخایا، سرحدوں پر ہونے والی حالیہ کشیدگی کے بعد اب فیصل آباد وولفز کی17 ستمبر سے شروع ہونے والے ٹوئنٹی 20 چیمپئنز لیگ کے کوالیفائنگ رائونڈ میں شرکت مشکوک ہو چکی، ٹی وی چینلز پر بھی منفی رپورٹس تسلسل کے ساتھ منظر عام پر آ رہی ہیں، البتہ بھارتی وزارت خارجہ نے اس حوالے سے ڈپلومیٹک انداز اپنا لیا،ایک آفیشل نے سرکاری نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ہمارے ساتھ رابطہ کیا گیا تاہم ابھی مقابلوں کے انعقاد میں کچھ وقت باقی ہے،صورتحال کا بڑے محتاط انداز میں جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کریں گے۔



میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت پاکستان سے کسی ٹیم کی ایونٹ میں شرکت پر آمادہ نہیں اور جلد اعلان کر دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ سرحدوں پر کشیدگی کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستانی پلیئرز کیلیے ویزوں کی کارروائی ابتدا میں ہی تاخیر کا شکار کردی تھی، ایک پی سی بی آفیشل نے دعویٰ کیا تھا کہ ویزوں کیلیے کھلاڑیوں کے پاسپورٹس منگوا رہے ہیں، عیدالفطر کے بعد کارروائی شروع کر دیں گے، امید ہے کہ مصباح الحق کی قیادت میں کھیلنے والے فیصل آباد وولفز کی ایونٹ میں شرکت ممکن ہوسکے گی لیکن تازہ صورتحال سامنے آنے کے بعد بیل منڈھے چڑھتی دکھائی نہیں دیتی، صورتحال نازک ہونے کے بعد پی سی بی بھی خود کوئی حتمی فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق ویزوں کی کارروائی ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، اس ضمن میں حکومت اور وزارت خارجہ سے رابطہ کرکے ہی کوئی قدم اٹھانے کا فیصلہ کریں گے۔ دوسری طرف نئی اطلاعات اور بھارتی میڈیا کی ہرزہ سرائی پر مبنی رپورٹس سامنے آنے کے بعد فیصل آباد وولفز کے کھلاڑی بھی غیر یقینی کیفیت کا شکار ہیں، انھوں نے کہا کہ سیاسی کشیدگی میں ہمیشہ کھیلوں کا نقصان ہوتا ہے،پاسپورٹس جمع کرا رہے ہیں، حالات بہتر نہ ہوئے تو ایونٹ میں شرکت مشکل ہوگی، صورتحال مایوس کن تاہم اس ضمن میں حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی ہمیں قبول ہوگا۔
Load Next Story