نقلی ڈاکٹروں کیخلاف آپریشن 15 اتائی ڈینٹل کلینک اور ایک اسپتال سیل

محکمہ صحت وہیلتھ کیئرکمیشن نے صدرمیں کارروائی کی،سرکاری افسران کاملیروگڈاپ میں اتائیوں سے رشوت وصولی کا انکشاف

بیشتر کلینکس پر دندان سازی میں استعمال کیے جانیو الے آلات آٹوکلپ نہیں تھے،رنچھوڑ لائن میں نقلی ڈاکٹراسپتال چلارہاتھا۔ فوٹو: فائل

محکمہ صحت اورہیلتھ کیئر کمیشن نے کراچی میں اتائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی شروع کردی کارروائی میں صدر اور رنچھوڑ لائن کے 15اتائی ڈینٹل کلینکس اورایک اسپتال سیل کردیا گیا۔

محکمہ صحت کے افسر ڈاکٹر عارف نیازاور ہیلتھ کئیر کمیشن کے افسران پر مشتمل ٹیم صدر میں اتائی دندان ساز اور کلینک پہنچی جہاں ڈاکٹروں کی بجائے ٹیکنیشن موجودتھے،جب ڈاکٹروں کا معلوم کیا گیا اوررجسٹریشن چیک کی تو پتہ چلا کہ مستند ڈاکٹروں کے بغیر دندان ساز ڈینٹل کلینک چلا رہے تھے جس پرٹیم نے اتائی دندان ساز کے کلینک سیل کردیے دیگر ڈینٹل کلینکس میں ڈاکٹروں کی پی ایم ڈی سی کی رجسٹریشن چیک کی گئی ان کلینکس میں زیراستعمال آلات چیک کیے، بیشتر کلینکس پر آلات میں آٹوکلپ نہیں تھے جب کہ آلات کوجراثیم سے پاک کرنے کے لیے معیاری اسٹرلائزیونٹ نہیں تھے۔

محکمہ صحت کی ٹیم نے رنچھوڑ لائن میں اتائی ڈاکٹر کے اسپتال کو سیل کردیا ، ڈاکٹر عارف نیاز نے اتائی کلینکس چلانے والوں کو انتباہ جاری کیا ہے کہ اتائی کلینکس بند کردیں ورنہ اتائی ڈاکٹروں کو گرفتار کرلیا جائے گا ،معلوم ہوا ہے کہ ملیر اورگڈاپ میں محکمہ صحت کے افسران نے ازخود اتائی ڈاکٹروں کو تحفظ دینے کیلیے ٹیمیں تشکیل دی ہیں جنھوں نے اتائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کے بجائے رشوت وصولی شروع کردی ہے۔


ٹی ایچ اوز ملیر اورگڈاپ نے مل کرگڈاپ اور گوٹھوں میں اتائی کلینکس چلانے والوں کو ہراساں کرکے ان سے رشوت طلب کرنا شروع کردی اور ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کو کو اتائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کے نام پر ساتھ ملالیا۔

گڈاپ کے مستند ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ملیر اور گڈاپ کے ٹی ایچ او نے مل کر ضلعی انتظامیہ کو مکتوب لکھا کہ ضلع ملیر اور گڈاپ میں اتائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی شروع کی جارہی ہے۔ لہذا پولیس نفری فراہم کی جائے، ضلعی انتظامیہ نے پولیس نفری فراہم کردی۔

ملیر اور گڈاپ کے ٹی ایچ او نے پولیس کی نفری کے ہمراہ اتائی ڈاکٹروں کے کلینکس جاکر رشوت طلب کرنا شروع کردی کارروائی کی اطلاع سیکریٹری صحت کو نہیں دی گئی، ڈائریکٹر صحت کراچی آج کل رخصت پر ہیں ،ملیر اور گڈاپ کے ٹی ایچ اوز نے اتائی ڈاکٹروں سے مبینہ طور پر بھتہ وصولی شروع کردی ہے ڈاکٹروں نے ہیلتھ کئیر کمیشن اور سیکریٹری صحت سے نوٹس لینے کی درخواست کی ہے۔
Load Next Story