محفوظ الیکٹرانک ادائیگیوں کے نظام کی تیاری پر کام شروع

اسٹیٹ بینکملک میں محفوظ اور باسہولت الیکٹرانک لین دین کے لیے الیکٹرانک گیٹ وے کی تشکیلپر کام شروع کردیا ہے۔

ای پیمنٹ گیٹ وے فراڈ ٹرانزیکشنزکی روک تھام کے لیے موثر ذریعہ ثابت ہوگا. فوٹو: فائل

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک میں محفوظ اور باسہولت الیکٹرانک لین دین کے لیے الیکٹرانک گیٹ وے کی تشکیل کے منصوبے پر کام شروع کردیا ہے۔

ای پیمنٹ گیٹ وے فراڈ ٹرانزیکشنزکی روک تھام کے لیے موثر ذریعہ ثابت ہوگا، اس نظام کے ذریعے گمشدہ کارڈ کی فوری نشاندہی ممکن ہوگی اور فراڈ ٹرانزیکشن عمل میں آنے سے قبل ہی اس کی روک تھام کی جاسکے گی، اس کے ذریعے تیز رفتار ٹرانزیکشن بھی ممکن بنائی جا سکیں گی اور ٹرانزیکشن کے دوران غلطیوں کا احتمال بھی کم سے کم کیا جا سکے گا۔اسٹیٹ بینک نے الیکٹرانک پیمنٹ گیٹ وے کی تشکیل کے لیے رہنما ہدایات کا مسودہ تیار کرلیا ہے جو اسٹیک ہولڈرز کی آرا حاصل کرنے کے لیے جاری کیا جا چکا ہے، ای پے منٹ گیٹ وے ایک ای کامرس ایپلی کیشن ہے جو الیکٹرانک ٹرانزیکشن کی تکمیل کے لیے دو انسٹی ٹیوشنز کے درمیانی واسطے کا کردار ادارکرے گی، پاکستان میں پے منٹ گیٹ وے کی عدم موجودگی میں سوئچ آپریٹرز ون لنک اور ایم نیٹ پیمنٹ کی تفصیلات کی منتقلی کی سہولت فراہم کررہے ہیں۔




پاکستان میں ڈیلیوری کے متبادل چینلز (اے ڈی سیز) کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر محفوظ اور موثر ای پیمنٹ نظام کی تشکیل اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی اولین ذمے داریوں میں شامل ہے، ملک میں ای پیمنٹ گیٹ وے کی تشکیل سے اسٹیٹ بینک کے لیے یہ ذمے داری زیادہ احسن طریقے سے ادا کرنے میں مدد ملے گی، ساتھ ہی الیکٹرانک لین دین کے نظام پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوگا جس سے ملک میں الیکٹرانک لین دین کے نظام کو وسعت دینے میں نمایاں مدد حاصل ہوگی۔ ای پیمنٹ گیٹ وے کے ذریعے مقامی اور سرحد پار دونوں طرح کی ٹرانزیکشن کی تصدیق کی جائیگی۔

مقامی سطح پر کیے جانے والی ٹرانزیکشن کی راؤٹنگ، پراسیسنگ اور اتھارائزیشن مقامی سطح پر کی جائیگی اور سرحد پار ٹرانزکیشنز کی راؤٹنگ پاکستان میں کام کرنے والی عالمی پیمنٹ اسکیموں ویزا، ماسٹرکارڈ وغیرہ کے ذریعے کی جائیگی، مقامی ای پیمنٹ گیٹ وے کی تشکیل سے موجودہ مکینزم کے ذریعے ٹرانزیکشن کے لیے پڑنے والے مالی بوجھ اور لاگت میں کمی واقع ہوگی، ای پیمنٹ گیٹ وے کی تشکیل کے ذریعے کارڈ نمبر اور ضروری معلومات کی ممکنہ چوری کی روک تھام اور معلومات کو محفوظ کرنے میں مدد ملے گی، ای پیمنٹ گیٹ وے کی مدد سے تمام بینکوں اور متعلقہ اداروں کیلیے براہ راست انٹرفیس کی سہولت دستیاب ہوگی، اس طرح یوٹیلٹی بلز اور دیگر ادائیگیوں کے لیے تمام بینکوں کے لیے یکساں مواقع پیدا ہوں گے۔
Load Next Story